ایک عورت ہارون الرشید (170 ھ تا 193 ھ) کی خدمت میں حاضر ہوئی— اس وقت ہارون الرشید کے خاص اصحاب اس کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے۔ عورت کہنے لگی:
«يَا أَمِيرَ الْمُؤْمِنِينَ! أَقَرَّ اللَّهُ عَيْنَيْكَ وَفَرَّحَكَ بِمَا أَعْطَاكَ، لَقَدْ حَكَمْتَ فَقَسَطْتَ».
اس کے ظاہری معنی کچھ یوں بنتے ہیں:
”اے امیر المومنین! اللہ تعالیٰ آپ کی آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچائے اور آپ کو جو کچھ دے رکھا ہے اس کے ذریعے آپ کو خوش رکھے۔ آپ نے فیصلہ دیا تو بلاشبہ آپ نے انصاف سے کام لیا۔“
یہ سن کر ہارون الرشید نے پوچھا: ”اے خاتون! تمہارا تعلق کس خاندان سے ہے؟“
عورت نے جواب دیا: ”آل برمک میں سے ہوں جن کے مردوں کو آپ نے قتل کروا دیا اور ان کے اموال کو ہڑپ کر لیا۔“
ہارون الرشید کہنے لگا: ”جہاں تک مردوں کی بات ہے تو ان کے بارے میں اللہ تعالیٰ کی قضا و قدر گزر چکی ہے اور جو ہونا تھا ہو گیا، لیکن اموال موجود ہیں،
یہ لے جاؤ۔ تمہارے سارے اموال تمہیں واپس کیے جا رہے ہیں۔“ پھر ہارون الرشید حاضرین کی طرف متوجہ ہوا اور پوچھا:
«أَتَدْرُونَ مَا قَالَتْ هٰذِهِ الْمَرْأَةُ؟»
”آپ لوگوں کو معلوم ہوا کہ اس عورت نے کیا کہا تھا؟“
حاضرین نے جواب دیا: ”ہماری سمجھ کے مطابق تو اس نے خیر ہی کہا اور دعائیہ کلمات ہی کہے۔“
ہارون الرشید نے کہا: ”ایسا نہیں بلکہ اس عورت نے مجھے بد دعا دی تھی۔ اس نے کہا: «أَقَرَّ اللّٰهُ عَيْنَيْكَ»، یعنی اللہ تعالیٰ تمہاری آنکھوں کو حرکت کرنے سے روک دے۔ اور ظاہر ہے جب آنکھوں کی حرکت رک جائے گی تو ٹھنڈی ہو جائیں گی۔
عورت نے یہ جو کہا: «وَفَرَّحَكَ بِمَا أَعْطَاكَ» تو اس نے اسے اللہ تعالیٰ کے اس قول سے اخذ کیا:
﴿حَتّٰى إِذَا فَرِحُوا بِمَا أُوتُوا أَخَذْنَاهُمْ بَغْتَةً﴾
”یہاں تک کہ جب وہ (گزشتہ لوگ) ان بخششوں میں جو انہیں عطا کی گئی تھیں خوب مگن ہو گئے تو اچانک ہم نے انہیں (اپنے عذاب میں) پکڑ لیا“ (الانعام: 44)
اور عورت نے یہ جو کہا: «حَكَمْتَ فَقَسَطْتَ» تو اس نے اسے اللہ تعالیٰ کی اس آیت سے اخذ کیا:
﴿وَأَمَّا الْقَاسِطُونَ فَكَانُوا لِجَهَنَّمَ حَطَبًا﴾
”اور جو ظالم ہیں وہ جہنم کا ایندھن بنیں گے“ (الجن: 15)
حاضرین ہارون الرشید کی ذہانت اور علم و عرفان کی روانی پر بہت خوش ہوئے۔
(نادرۃ الحکایات جلدا ص: 65، المستطرف: 363/1)


