کسی گاؤں میں ایک بڑھیا رہتی تھی، جس کا ایک ہی بیٹا تھا۔ اس کا نام چلی تھا۔ وہ انتہائی کام چور، بے وقوف، سست اور کاہل تھا۔ اسے بس ایک ہی کام آتا تھا اور وہ تھا شیخیاں بگھارنا۔
جہاں چند لوگوں کو اکٹھے بیٹھے دیکھتا، فوراً ان کے قریب جا بیٹھتا اور انہیں گفتگو کا موقع دیے بغیر اپنے جھوٹے سچے کارنامے بیان کرنے لگتا۔ گاؤں کے لوگ اس کی اس عادت سے بہت تنگ تھے۔ چنانچہ انہوں نے اس کا نام ہی ’’شیخ چلی‘‘ رکھ دیا تھا۔
وہ اپنے نام کی طرح بڑے بڑے خیالی منصوبے بناتا، لیکن ان پر عمل کرنے کی کبھی زحمت نہ کرتا۔
ایک دن اس کی خیالی پلاؤ پکانے کی عادت سے تنگ آ کر ایک شخص نے اس سے کہا:
’’شیخ صاحب! آپ اتنے بڑے بڑے منصوبے کیوں بناتے ہیں؟ آپ نے تو ایک ہفتے بعد اس دنیا سے کوچ کر جانا ہے۔ کچھ اپنی موت کا بھی خیال کریں!‘‘
یہ سننا تھا کہ بے وقوف شیخ چلی کو یقین ہو گیا کہ وہ واقعی ایک ہفتے بعد مرنے والا ہے۔ چنانچہ اس نے اپنی موت کی تیاری شروع کر دی۔
سب سے پہلے اس نے اپنی قبر کھدوائی اور اس میں جا کر لیٹ گیا۔ چھ دن گزر گئے، مگر کچھ نہ ہوا۔ ساتویں روز شیخ چلی نے سوچا کہ آج اس شخص کے بتائے ہوئے ایک ہفتے کا آخری دن ہے۔ شاید اب موت کا فرشتہ آنے ہی والا ہے۔
وہ ابھی انہی خیالات میں گم تھا کہ اچانک اس کے کانوں میں ایک آواز پڑی:
’’اگر کوئی اللہ کا نیک بندہ انڈوں کی یہ ٹوکری میرے گھر پہنچا دے تو میں اسے اجرت میں ایک اشرفی دوں گا۔‘‘
شیخ چلی نے جیسے ہی اشرفی کا نام سنا، فوراً قبر سے باہر نکل آیا اور انڈوں کی ٹوکری اٹھا کر سر پر رکھ لی۔
یہ دیکھ کر ٹوکری کے مالک نے اسے تنبیہ کرتے ہوئے کہا:
’’شیخ صاحب! ذرا سنبھل کر لے جانا۔ انڈے ٹوٹنے نہ پائیں، ورنہ ایک دمڑی بھی نہیں دوں گا، بلکہ الٹا ہرجانہ بھی وصول کروں گا۔‘‘
شیخ چلی بڑے غرور سے بولا:
’’میاں صاحب! میں شیخ چلی ہوں، کوئی چھوٹا موٹا آدمی نہیں۔ پورا گاؤں مجھے جانتا ہے!‘‘
یہ کہہ کر وہ انڈوں کی ٹوکری سر پر رکھے منزل کی طرف چل پڑا۔
اب خیالی پلاؤ پکانا تو اس کی پرانی عادت تھی۔ راستے میں چلتے چلتے اس کی سوچ نے ایک بار پھر اڑان بھری اور وہ مستقبل کے سنہرے خواب دیکھنے لگا۔
اس نے دل ہی دل میں حساب لگانا شروع کیا:
’’انڈے پہنچانے کے بدلے مجھے ایک اشرفی ملے گی۔ یہ تو بڑی رقم ہے! اس سے میں ایک مرغی خریدوں گا۔ وہ انڈے دے گی، انڈے بیچ کر ایک بکری خرید لوں گا۔ بکری بچے دے گی، ان بچوں کو بیچ کر ایک گائے خریدوں گا۔ گائے دودھ دے گی۔ پھر جب میرے بچے مجھ سے دودھ مانگیں گے تو میں بڑے رعب سے کہوں گا، ’یہ لو دودھ!‘‘‘
یہ کہتے ہوئے اس نے جوش میں آ کر دونوں ہاتھ ٹوکری سے ہٹا دیے۔
بس پھر کیا تھا! انڈوں کی ٹوکری دھڑام سے زمین پر آ گری اور سارے انڈے چکنا چور ہو گئے۔
ٹوکری کے مالک نے جب یہ منظر دیکھا تو سر پیٹ کر آہ و بکا کرنے لگا:
’’ہائے! میرے انڈے! میری محنت کی کمائی لٹ گئی!‘‘
دوسری طرف شیخ چلی بھی اپنا سر پیٹتے ہوئے رونے لگا اور دہائی دینے لگا:
’’ہائے! میرے بچے! میرے ننھے منے بچے!‘‘
😅😅😅


