شرط جیتنے کا انوکھا طریقہ….ایک مزاحیہ کہانی
فوج میں ایک سپاہی شرطیں لگانے اور حیران کن طور پر ہر بار جیت جانے کے لیے مشہور تھا۔
جب اس کا تبادلہ دوسری یونٹ میں ہوا تو اس کے سابق کمانڈنگ آفیسر نے نئے کمانڈنگ آفیسر کو فون کرکے خبردار کیا:
“ہمارا ایک سپاہی آپ کے پاس آ رہا ہے۔ شرطیں لگانے میں ایسا ماہر ہے کہ کبھی ہارتا نہیں، ذرا محتاط رہنا۔”
نئے کمانڈنگ آفیسر کو تجسس ہوا۔ اگلے دن جب سپاہی نئی وردی میں اس کے سامنے پیش ہوا تو آفیسر نے پوچھا:
“سنا ہے تم شرطیں لگانے کے بڑے ماہر ہو؟”
سپاہی مسکرایا:
“سر، ایسی کوئی خاص بات نہیں۔ بس کبھی کبھار بات ایسی ہو جائے تو شرط لگانی پڑتی ہے۔ مثلاً مجھے یقین ہے کہ آپ کی پیٹھ پر تل ہے۔ اگر آپ 500 روپے کی شرط لگائیں تو میں تیار ہوں۔”
کمانڈنگ آفیسر نے سوچا، آج اسے ہرا ہی دیتا ہوں۔ فوراً شرٹ کھولی اور پیٹھ دکھا دی۔
پیٹھ پر کوئی تل نہیں تھا۔
سپاہی نے فوراً جیب سے 500 روپے نکال کر میز پر رکھ دیے:
“سر، میں شرط ہار گیا۔ یہ 500 روپے آپ کے ہوئے۔”
آفیسر نے خوش ہو کر فوراً سابق کمانڈنگ آفیسر کو فون کیا:
“تم تو کہتے تھے وہ کبھی نہیں ہارتا، مگر آج تو میں نے اسے آسانی سے ہرا دیا!”
اور پھر سارا واقعہ سنایا۔
دوسری طرف چند لمحے خاموشی رہی، پھر سابق کمانڈنگ آفیسر بولا:
“جناب، آپ نے مجھے مروا دیا…”
“کیوں؟”
“کیونکہ جاتے وقت وہ مجھ سے 1000 روپے کی شرط لگا گیا تھا کہ نئی یونٹ پہنچتے ہی میں کمانڈنگ آفیسر سے شرٹ اتروا لوں گا!”
