ایک مرتبہ ایک حاملہ ہرن کو اپنے بچے کی پیدائش کا وقت قریب محسوس ہوا تو وہ دریا کے کنارے موجود جنگل کی طرف چلی گئی، تاکہ کسی محفوظ جگہ اپنے بچے کو جنم دے سکے۔
مگر اچانک حالات نے ایسا رخ اختیار کیا کہ ہر طرف خطرات ہی خطرات دکھائی دینے لگے۔
آسمان پر بجلی کڑکی اور جنگل میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ تیزی سے پھیلنے لگی تو ہرن گھبرا کر ادھر اُدھر دیکھنے لگی۔
ایک طرف شکاری بندوق لیے نشانہ باندھے کھڑا تھا، دوسری طرف ایک خوفناک شیر موجود تھا، جبکہ پیچھے جنگل کی آگ پھیل رہی تھی اور سامنے دریا تھا۔
ہرن کے لیے کوئی راستہ باقی نہیں تھا۔
اگر آگ کی طرف جاتی تو جل جاتی…
دریا کی طرف جاتی تو ڈوبنے کا خطرہ تھا…
شکاری اسے مار سکتا تھا…
اور شیر اسے اپنا نوالہ بنا سکتا تھا۔
وہ سوچنے لگی:
“میں کس طرف جاؤں؟ ہر طرف موت کھڑی ہے!”
لیکن اس نازک وقت میں ہرن نے گھبراہٹ کے بجائے اپنے اختیار میں موجود کام پر توجہ دی۔ وہ اپنے بچے کو جنم دینے کے عمل پر متوجہ ہوگئی۔
پھر اچانک ایسا ہوا کہ شکاری نے نشانہ لگایا…
اسی لمحے آسمان پر زور دار بجلی چمکی ⚡
شکاری کی آنکھیں ایک لمحے کے لیے بند ہوگئیں اور اس کا تیر نشانے سے ہٹ کر شیر کو جا لگا۔
اسی دوران آسمان سے موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔ 🌧️
بارش اتنی تیز تھی کہ جنگل میں بھڑکتی ہوئی آگ چند ہی لمحوں میں بجھ گئی۔
اور یوں…
جس ہرن کو ہر طرف سے موت نے گھیر رکھا تھا، اسے اللہ تعالیٰ نے ایسے راستے سے بچا لیا جس کا اسے خود بھی اندازہ نہ تھا۔
یہ واقعہ ہمیں زندگی کا ایک بہت بڑا سبق دیتا ہے:
جب کبھی زندگی میں مشکلات، پریشانیاں اور آزمائشیں چاروں طرف سے گھیر لیں، جب کوئی راستہ دکھائی نہ دے اور ہر طرف خطرہ ہی خطرہ محسوس ہو…
تو گھبرا کر ہمت نہ ہاریں۔
جو کام آپ کے اختیار میں ہے، وہ پوری کوشش کے ساتھ کریں، اور جو آپ کے اختیار سے باہر ہے اسے اللہ کے سپرد کر دیں۔
کیونکہ وہ ذات جو پورے جہان کا نظام چلا رہی ہے، وہ آپ کے حالات سے بھی بے خبر نہیں۔
کبھی کبھی اللہ تعالیٰ ہمیں ایسے راستے سے نکالتا ہے، جس کا ہم نے خواب میں بھی تصور نہیں کیا ہوتا۔
بس شرط یہ ہے کہ مشکل وقت میں اللہ پر یقین، صبر اور توکل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
یا اللہ!
ہماری ہر مشکل کو آسان فرما،
ہماری ہر پریشانی کو دور فرما،
ہمارے گناہوں کو معاف فرما،
ہماری دعاؤں کو قبول فرما،
اور جب ہمیں کوئی راستہ نظر نہ آئے،
تو اپنی رحمت سے ہمارے لیے ایسا راستہ کھول دے جہاں سے ہمیں گمان بھی نہ ہو۔
آمین یا رب العالمین۔
