پہلوانی کورس

پہلوانی کورس

جنگل میں ایک خچر رہتا تھا جس کے بارے میں ایک بات پورے یقین سے کہی جا سکتی تھی کہ اس نے کبھی کوئی بڑا کارنامہ انجام دیا ہو یا نہ دیا ہو، مگر اپنے آپ کو عظیم پہلوان سمجھنے میں اس نے کبھی کوتاہی نہیں کی تھی۔ اس کے نزدیک جنگل کے تمام جانور اپنی اپنی جگہ، مگر طاقت، بہادری اور پہلوانی میں اس کا کوئی ثانی نہ تھا۔ وہ جہاں بیٹھتا، اپنی قوت کے قصیدے پڑھنے لگتا اور جہاں سے گزرتا، اپنی عظمت کا اعلان کرتا جاتا۔ البتہ اس کی پہلوانی کا کوئی عملی ثبوت آج تک کسی نے نہیں دیکھا تھا۔

گھر والے مدت سے اس کی اس عادت سے تنگ تھے۔ وہ اسے سمجھاتے کہ محض اپنے آپ کو پہلوان کہنے سے کوئی پہلوان نہیں بن جاتا۔ کچھ کام کاج کرے، اپنی قوت کسی مفید کام میں لگائے اور خیالی دنیا سے باہر نکلے، مگر خچر کے کان پر جوں تک نہ رینگتی۔ اس کے لیے پہلوانی ہی زندگی کا سب سے بڑا مقصد تھی۔ وہ اپنے خوابوں کی دنیا میں ایسا گم تھا کہ حقیقت کی کوئی بات اسے اپنی طرف متوجہ نہ کر سکتی تھی۔

اسی جنگل کے ایک گوشے میں ایک بوڑھی لومڑی رہتی تھی۔ کبھی وہ نہایت چست، ہوشیار اور معاملہ فہم سمجھی جاتی تھی، مگر اب عمر کے آخری حصے میں داخل ہو چکی تھی۔ اس کے پاس زندگی کے چند ہی برس باقی تھے۔ گزر بسر کے لیے وہ ہر دوسرے تیسرے دن سبزی منڈی جایا کرتی، وہاں سے سبزیاں خرید کر لاتی اور انہیں بیچ کر اپنی ضروریات پوری کرتی تھی۔ اس کام میں اس کا ایک گدھا مددگار تھا، جو سبزیوں کا بوجھ اٹھا کر منڈی تک لے جاتا اور واپسی پر بھی اس کا سامان سنبھالتا۔ یوں اس کی چھوٹی سی زندگی کا پہیہ چل رہا تھا۔

ایک دن اچانک اس کا گدھا مر گیا۔ لومڑی کے لیے یہ محض ایک جانور کی موت نہیں تھی، بلکہ اس کے روزگار کا سہارا چھن جانے کے برابر تھا۔ وہ گھر کے باہر خاموش بیٹھی اپنے مستقبل کے بارے میں سوچ رہی تھی کہ اتفاق سے وہی خچر وہاں سے گزرا۔
لومڑی نے اسے دیکھا تو اس کے ذہن میں ایک ایسی تدبیر نے جنم لیا جس سے نہ صرف اس کا روزگار دوبارہ چل سکتا تھا بلکہ اس کے آخری چند برس بھی آرام سے گزر سکتے تھے۔ اس نے خچر کی طبیعت سے خوب واقفیت حاصل کر رکھی تھی۔
چنانچہ لومڑی نے اپنی پریشانی کو ایک طرف رکھا، چہرے پر مسکراہٹ سجائی اور نہایت احترام سے خچر سے کہا کہ کیسے ہے پہلوان صاحب؟
اور پھر اس نے اسے جنگل کا سب سے طاقت ور اور باصلاحیت پہلوان قرار دیا۔ خچر کے لیے یہ الفاظ کسی شاہی اعزاز سے کم نہ تھے۔ اس کا چہرہ کھل اٹھا، گردن تن گئی اور قدموں میں ایک عجیب سی شان پیدا ہو گئی۔

لومڑی نے اس کی خوشی کو دیکھتے ہوئے ایک اور تیر چلایا۔ اس نے بتایا کہ جنگل میں جلد ہی عظیم الشان پہلوانی کے مقابلے منعقد ہونے والے ہیں، جنہیں جنگل کے اولمپکس کا نام دیا گیا ہے۔ یہ مقابلے ہر پانچ برس بعد منعقد ہوتے ہیں اور اس بار جنگل کے مختلف علاقوں سے نامور پہلوان ان میں شرکت کریں گے۔ لومڑی نے کہا کہ خچر جیسا طاقت ور جانور اگر ان مقابلوں میں حصہ لے تو جنگل کی تاریخ میں اس کا نام ہمیشہ کے لیے درج ہو سکتا ہے۔

خچر نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ جنگل کے اولمپکس کا ذکر سنا تھا۔ اس کے لیے یہ خبر کسی خواب کی تعبیر سے کم نہ تھی۔ اس کی برسوں پرانی خواہش کو گویا ایک منزل مل گئی تھی۔ البتہ ایک رکاوٹ تھی: اس کے پاس نہ تربیت کا کوئی تجربہ تھا، نہ وسائل اور نہ ہی مقابلوں کی تیاری کا طریقہ معلوم تھا۔
لومڑی نے اس کی یہ پریشانی بھی دور کر دی۔ اس نے بتایا کہ وہ خود اسے تربیت دے گی اور چونکہ اس کی عمر اب ڈھل چکی ہے، اس لیے اس کے پاس زندگی کے چند ہی برس باقی ہیں۔ وہ چاہتی ہے کہ اپنی زندگی کا آخری بڑا کام جنگل کے ایک عظیم پہلوان کو تیار کر کے انجام دے۔
خچر اس پیشکش پر پھولے نہ سمایا۔ اسے یوں محسوس ہوا جیسے قسمت نے خود چل کر اس کے دروازے پر دستک دی ہو۔

یوں دونوں کے درمیان تربیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ لومڑی نے خچر کو دوسرے تیسرے دن اپنے پاس بلانا شروع کیا۔ جب خچر پہنچتا تو لومڑی سبزیوں کی بوریاں، ٹوکریاں اور دوسرے سامان اس کی پیٹھ پر لاد دیتی۔ پھر خود بھی اس پر سوار ہو جاتی اور اسے منڈی تک چلنے کا حکم دیتی۔ راستے بھر وہ اسے پہلوانی کے اصول سمجھانے کے بجائے بڑے بڑے مقابلوں، نامور پہلوانوں اور اولمپکس کی شان و شوکت کے قصے سناتی رہتی۔ واپسی پر بھی یہی مشق دہرائی جاتی۔ خچر بوجھ اٹھائے چلتا رہتا اور لومڑی اس کی تربیت کے نام پر اپنا روزمرہ کا کام نمٹاتی رہتی۔

خچر کے لیے یہ سب ایک عظیم مقصد کی خاطر کی جانے والی مشقت تھی۔ وہ سمجھتا تھا کہ ہر گزرتا دن اسے مقابلے کے قریب لے جا رہا ہے۔ لومڑی کبھی اس کی رفتار کی تعریف کرتی، کبھی اس کے مضبوط کندھوں کو سراہتی اور کبھی اسے یقین دلاتی کہ اس کی طاقت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ خچر ہر تعریف کو اپنے مستقبل کی کامیابی کی ضمانت سمجھتا۔
جنگل کے دوسرے جانوروں نے جب اسے بار بار لومڑی کا سامان اٹھاتے اور اسے اپنی پیٹھ پر بٹھائے منڈی لے جاتے دیکھا تو انہیں حیرت ہوئی۔ اس کا ایک گھوڑا دوست بھی اسے سمجھانے لگا کہ وہ اپنی طاقت کسی اور کے کام میں لگا رہا ہے اور لومڑی اس کی سادگی سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ مگر خچر ان باتوں کو حسد اور کم فہمی قرار دیتا۔ اسے یقین تھا کہ عام جانور اس عظیم منصوبے کی وسعت کو نہیں سمجھ سکتے۔
وقت گزرتا رہا۔ موسم بدلے، جنگل کے درختوں پر نئے پتے آئے اور پھر خزاں نے انہیں بھی رخصت کر دیا۔ پانچ برس کا عرصہ گزرنے کے قریب آ پہنچا۔ خچر کی پیٹھ پر سامان اٹھانے کی مشق بدستور جاری تھی، مگر اس کے دل میں اب ایک نیا جوش پیدا ہو چکا تھا۔ اسے یقین تھا کہ اب وہ دن دور نہیں جب پورا جنگل اس کی پہلوانی کا معترف ہو گا۔

ایک روز وہ حسبِ معمول لومڑی کے پاس پہنچا تو اس نے اسے بڑی خوش خبری سنائی۔ لومڑی نے بتایا کہ اس نے اولمپکس کے منتظمین تک اس کا نام پہنچا دیا ہے اور اب وہ باضابطہ طور پر مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے منتخب ہو چکا ہے۔ خچر کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔ اس نے اسی وقت اپنی پیٹھ سیدھی کی، گردن بلند کی اور خود کو جنگل کے آئندہ عظیم پہلوان کے طور پر دیکھنے لگا۔

مگر اس خوشی کے چند ہی دن بعد جب وہ ایک مرتبہ پھر تربیت کے لیے لومڑی کے گھر پہنچا تو وہاں ایک غیرمعمولی خاموشی چھائی ہوئی تھی۔ دروازہ کھلا تھا، مگر اندر سے کوئی آواز نہ آتی تھی۔ وہ آگے بڑھا تو لومڑی بے حس و حرکت پڑی تھی۔ اس کے چہرے پر عمر بھر کی تھکن ثبت تھی اور زندگی کا سفر اپنے اختتام کو پہنچ چکا تھا۔
لومڑی دنیا سے رخصت ہو چکی تھی۔

خچر کچھ دیر خاموش کھڑا اسے دیکھتا رہا۔ پھر اس کے دل میں لومڑی کی محبت اور احسان مندی کا ایک سیلاب امڈ آیا۔ وہ اسے دفن کرنے کے بعد افسردہ قدموں سے واپس لوٹا، مگر اس کے دل میں لومڑی کے لیے عقیدت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی تھی۔ اسے اس بات کا ذرہ برابر احساس نہ تھا کہ گزشتہ پانچ برس میں وہ کس کے لیے محنت کرتا رہا اور اس کی طاقت کس کے کام آتی رہی۔

اس کے بعد خچر جہاں بھی بیٹھتا، لومڑی کی فیاضی اور رحم دلی کے قصے سنانے لگتا۔ وہ بڑے فخر سے بیان کرتا کہ کس طرح ایک بوڑھی لومڑی نے اپنی زندگی کے آخری پانچ برس اس کی تربیت کے لیے وقف کر دیے۔ وہ کہا کرتا کہ اس نے کبھی مجھ سے ایک پیسہ تک نہیں لیا، حالانکہ میں بارہا اسے فیس دینے کی پیشکش کرتا رہا۔ وہ ہمیشہ یہی کہتی تھی کہ یہ سب جنگل کی محبت اور تمہارے روشن مستقبل کے لیے کر رہی ہوں۔
خچر کے نزدیک اس سے زیادہ رحم دل اور مخلص جانور پورے جنگل میں کوئی نہ تھا۔ وہ اپنی اولمپکس کی تیاری کو زندگی کا سب سے بڑا اعزاز سمجھتا اور لومڑی کو اپنا محسن قرار دیتا۔ وقت کے ساتھ اس کے یہ قصے جنگل کے دوسرے جانوروں تک بھی پہنچے اور پھر اس نے اپنی آنے والی نسلوں کو بھی یہی داستان کتابی شکل میں شائع کر کے سنائی۔ اس کے نزدیک لومڑی ایک ایسی عظیم مربی تھی جس نے اپنی زندگی کے آخری ایام ایک عظیم پہلوان تیار کرنے میں صرف کر دیے تھے۔

یوں ایک لومڑی نے اپنی عمر کے آخری پانچ برس آرام سے گزار لیے، اپنا کاروبار بھی چلایا اور ایک ایسے پہلوان کی خدمات بھی حاصل کر لیں جو زندگی بھر اسی کے احسانات کے گیت گاتا رہا۔ اور خچر؟ وہ اپنی پیٹھ پر لدے ہوئے بوجھ کو آج تک پہلوانی کی تربیت سمجھتا رہا۔

حاصلِ سبق:

یہ کہانی صرف ایک خچر اور لومڑی کی نہیں، ان لوگوں اور قوموں کی بھی ہے جو اپنی سادگی، نادانی اور اندھی عقیدت کے باعث کسی چالاک شخص کے ہاتھوں استعمال ہوتے رہتے ہیں۔ کوئی انہیں عظیم مستقبل کے خواب دکھاتا ہے، کوئی انقلاب کے نام پر ان کی قوت سے فائدہ اٹھاتا ہے، کوئی خدمت اور ہمدردی کا لبادہ اوڑھ کر ان کی محنت سمیٹتا رہتا ہے۔ وہ اپنی طاقت، وقت اور صلاحیتیں دوسروں کے مقاصد پر صرف کرتے رہتے ہیں، مگر انہیں یہی یقین دلایا جاتا ہے کہ یہ سب ان کی اپنی ترقی اور کامیابی کے لیے ہو رہا ہے۔

سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ کوئی چالاک شخص کسی سادہ لوح کو استعمال کر لیتا ہے؛ اصل المیہ یہ ہے کہ استعمال ہونے والا شخص ساری عمر اپنی محرومی کو کامیابی، استحصال کو احسان اور غلامی کو تربیت سمجھتا رہتا ہے۔ وہ اپنے محسن کے گیت گاتا ہے، اپنی آنے والی نسلوں کو بھی وہی قصے سناتا ہے اور کبھی یہ سوچنے کی زحمت نہیں کرتا کہ جس منزل کا خواب اسے دکھایا گیا تھا، وہ منزل آخر تھی کہاں؟
جب کسی قوم کو سوچنے کی عادت چھوٹ جائے تو چالاک لوگوں کو اسے استعمال کرنے کے لیے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی؛ بس ایک خوب صورت خواب دکھانا کافی ہوتا ہے۔

Leave a Reply

NZ's Corner