حرص

حرص

ایک سلطنت میں ایک ایسا بادشاہ حکومت کرتا تھا جس کے دربار کے دروازے کبھی غریبوں اور ضرورت مندوں کے لیے بند نہیں ہوتے تھے۔ جو شخص بھی اپنی پریشانی لے کر حاضر ہوتا، بادشاہ اس کی بات پوری توجہ سے سنتا اور پھر اسے شاہی خزانے کے نگران کے پاس بھیج دیتا تاکہ اس کی ضرورت پوری کی جا سکے۔
خزانچی کو بادشاہ کی طرف سے ایک عجیب حکم ملا ہوا تھا۔ وہ ہر ضرورت مند کو خزانے کے ایک مخصوص حصے میں لے جاتا، جہاں مختلف قیمتی اشیا بڑی ترتیب سے ایک کلو میٹر کی مسافت پر رکھی ہوئی تھیں۔ وہ پہلی چیز کی طرف اشارہ کرکے کہتا، ’’یہ آپ لے جا سکتے ہیں۔‘‘
جو شخص واقعی کسی ضرورت کے تحت آیا ہوتا، وہ خوشی سے وہ چیز اٹھاتا، بادشاہ کا شکریہ ادا کرتا اور واپس لوٹ جاتا۔ مگر بعض لوگوں کا معاملہ کچھ اور ہی ہوتا۔

ایک دن ایک شخص خزانے میں داخل ہوا۔ خزانچی نے اسے ایک خوب صورت چادر دکھائی اور کہا، ’’یہ آپ کے لیے ہے، لے جائیے۔‘‘
اس شخص نے چادر کو دیکھا، مگر ابھی ہاتھ بڑھایا ہی تھا کہ اس کی نظر کچھ مسافت پر رکھی ہوئی ایک عمدہ گرم پوشاک پر پڑ گئی۔ خزانچی نے فوراً کہا، ’’اگر یہ زیادہ پسند ہے تو اسے بھی لے سکتے ہیں۔‘‘

وہ چادر چھوڑ کر پوشاک کی طرف بڑھ گیا۔ وہاں پہنچا تو سامنے ایک نفیس ریشمی لباس رکھا تھا۔ خزانچی نے پھر اجازت دے دی۔ وہ لباس چھوڑ کر اس کی طرف بڑھا، مگر ابھی اسے اٹھانے ہی لگا تھا کہ اس کی نگاہ ایک قیمتی زیور پر جا ٹھہری۔
یوں وہ ایک چیز سے دوسری، دوسری سے تیسری اور تیسری سے چوتھی چیز کی طرف بڑھتا چلا گیا۔ ہر مرتبہ اس کے سامنے پہلے سے زیادہ قیمتی شے آ جاتی اور خزانچی بڑے اطمینان سے اسے لینے کی اجازت دے دیتا۔
خزانے کا آخری حصہ ایک بڑے دروازے کے قریب تھا۔ وہاں پہنچ کر اس شخص نے دیکھا کہ دروازے کے پار ایک نہایت چمک دار، بیش قیمت خزانہ رکھا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ وہ بے اختیار اس کی طرف لپکا اور خزانچی سے پوچھنے لگا، ’’کیا میں یہ بھی لے سکتا ہوں؟ یہ تو باقی سب چیزوں سے زیادہ قیمتی معلوم ہوتا ہے‘‘

خزانچی نے مسکرا کر کہا، ’’اگر آپ کو یہی پسند ہے تو ضرور لے جائیے۔‘‘
وہ شخص خوشی سے دروازے کے پار بڑھا، مگر اگلے ہی لمحے اس کے قدم ٹھٹک گئے۔ وہاں نہ کوئی خزانہ تھا، نہ سونا، نہ زیور اور نہ ہی کوئی قیمتی شے۔ وہ سب محض ایک سراب تھا، جو دور سے خزانے کی صورت دکھائی دیتا تھا۔

اسی لمحے پیچھے سے دروازہ بند ہونے کی آواز آئی۔ وہ شخص واپس پلٹا تو دیکھا کہ خزانے کا دروازہ بند ہو چکا تھا۔

ایک دن ایک درباری نے بادشاہ سے اس عجیب انتظام کے بارے میں پوچھا، ’’حضور! آپ خزانے میں اتنی قیمتی چیزیں رکھنے کے باوجود بعض لوگوں کو خالی ہاتھ کیوں لوٹا دیتے ہیں؟ اور یہ آخری سراب کس لیے بنایا گیا ہے؟‘‘

بادشاہ نے جواب دیا، ’’جو شخص واقعی ضرورت مند ہوتا ہے، اسے اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے پہلی ہی چیز کافی ہوتی ہے۔ وہ اسے نعمت سمجھ کر قبول کرتا ہے اور دعائیں دیتا ہوا واپس چلا جاتا ہے۔ لیکن جس کے دل میں ضرورت سے زیادہ حرص ہو، اسے ہر ملنے والی چیز چھوٹی اور اس سے آگے رکھی ہوئی چیز بڑی دکھائی دیتی ہے۔ وہ ایک نعمت کی قدر کرنے کے بجائے دوسری کے پیچھے بھاگتا رہتا ہے۔‘‘ ایسے لوگوں کی میں کیا، خود قدرت بھی پرائی نہیں کر سکتی۔’’

اخلاقی سبق:
ضرورت اور حرص میں فرق ہوتا ہے۔ ضرورت مند کو تھوڑی سی نعمت بھی خوش کر دیتی ہے، مگر لالچی کے لیے دنیا کے تمام خزانے بھی کم پڑ جاتے ہیں۔ جو انسان ہر وقت دوسروں کی نعمتوں اور زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کے چکر میں رہتا ہے، وہ اکثر اپنے ہاتھ میں موجود نعمت کو بھی کھو بیٹھتا ہے۔



Leave a Reply

NZ's Corner