محنت کا سونا

   محنت کا سونا



پرانے زمانے کی بات ہے کہ تھائی لینڈ کے ایک دور دراز گاؤں میں چنائی نامی ایک شخص رہتا تھا۔ چنائی حد درجہ کاہل اور کام چور تھا۔ وہ نہ اپنی بیوی بچوں اور گھر کے مسائل کی طرف توجہ دیتا تھا اور نہ ہی اپنی زمینوں اور باغات کی دیکھ بھال کرتا تھا۔

اسے تو بس ایک ہی دھن سوار تھی کہ کسی طرح سونا بنانے کا گر سیکھ لے۔ سونا بنانے کا جنون اس کے سر پر اس قدر سوار تھا کہ وہ دنیا کے باقی تمام کاموں کو بھول چکا تھا۔ اس کی یہی عادت رفتہ رفتہ اسے تباہی کے دہانے پر لے آئی۔ کچھ ہی عرصے میں اس کی جمع پونجی ختم ہو گئی اور وہ کنگال ہو گیا۔

برے وقت کے لیے اس کی بیوی، سوریہ نے جو تھوڑی بہت رقم بچا کر رکھی تھی، وہ بھی آخر کب تک چلتی؟ گھر میں چولہا جلانا مشکل ہو گیا۔ جب حالات مزید خراب ہونے لگے تو سوریہ اپنے والد کے گھر گئی اور انہیں ساری صورتِ حال سے آگاہ کیا۔

سوریہ کا والد ایک عقل مند اور تجربہ کار شخص تھا۔ اس نے اپنی بیٹی کی بات غور سے سنی اور کچھ دیر سوچنے کے بعد کہا:

“بیٹی! تم فکر نہ کرو۔ واپس اپنے گھر جاؤ۔ میں چنائی کو سمجھانے کا ایک طریقہ نکالتا ہوں۔ جب تک تمہارے گھر کے حالات بہتر نہیں ہو جاتے، میں تمہاری مدد کرتا رہوں گا۔”

باپ کی بات سن کر سوریہ کو اطمینان ہوا اور وہ واپس اپنے گھر چلی گئی۔

اگلے دن سوریہ کے والد نے چنائی کو رات کے کھانے پر مدعو کیا۔ چنائی نے یہ دعوت خوشی خوشی قبول کر لی۔

رات کو پرتکلف کھانے کے بعد دونوں آتش دان کے قریب بیٹھے سبز چائے کی چسکیاں لے رہے تھے کہ سوریہ کے والد نے رازدارانہ انداز میں کہا:

“چنائی! مجھے معلوم ہے کہ تمہیں سونے سے کتنی محبت ہے۔ دراصل مجھے سونا بنانے کا ایک ایسا راز معلوم ہوا ہے جس سے ہم بہت زیادہ دولت کما سکتے ہیں۔ سونا بنانے کے لیے درکار تقریباً تمام چیزیں میرے پاس موجود ہیں۔ بس ایک خاص چیز کی ضرورت ہے۔ اگر وہ مل جائے تو سمجھو ہمارا کام بن گیا۔ کیا تم وہ چیز حاصل کر سکتے ہو؟”

چنائی یہ سن کر خوشی سے اچھل پڑا۔ اس کی آنکھوں میں چمک آ گئی۔ اس نے بے صبری سے پوچھا:

“ابا جان! جلدی بتائیے، وہ کون سی چیز ہے؟ میں وعدہ کرتا ہوں کہ اسے حاصل کرنے کے لیے دن رات ایک کر دوں گا۔”

سوریہ کے والد نے مسکراتے ہوئے جواب دیا:

“تو پھر سنو! کیلے کے درختوں کے پتوں کی نچلی سطح پر موجود باریک سفید ریشوں کا سفوف تیار کرنا ہوگا۔ اگر تم اپنے باغ کے درختوں سے تین کلو گرام یہ سفوف جمع کر لو تو سونا بنانے کا کام مکمل ہو جائے گا۔ لیکن ایک شرط ہے کہ یہ سفوف صرف تمہارے اپنے باغ کے کیلے کے درختوں کے پتوں سے تیار ہونا چاہیے۔”

چنائی نے خوشی خوشی یہ شرط قبول کر لی۔

اگلی صبح وہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ اپنے کیلے کے باغ کی طرف روانہ ہوا۔ لیکن وہاں پہنچ کر اس کی خوشی مایوسی میں بدل گئی۔ اس کی مسلسل غفلت اور لاپروائی کی وجہ سے باغ کے بیشتر درخت سوکھ کر گر چکے تھے۔ کچھ درختوں کی حالت بھی انتہائی خراب تھی۔

ایک لمحے کے لیے وہ پریشان ہوا، مگر سونا حاصل کرنے کی خواہش نے اسے ہمت نہ ہارنے دی۔

اس نے فوراً سوکھے ہوئے درخت کٹوائے، زمین کو صاف کروایا اور نئے سرے سے اعلیٰ قسم کے کیلے کے پودے لگوا دیے۔ اس کے بعد وہ روزانہ باغ میں آنے لگا۔ پودوں کو پانی دیتا، ان کی گوڈی کرتا، کھاد ڈالتا اور انہیں کیڑوں سے محفوظ رکھتا۔

اب چنائی کی زندگی کا معمول ہی بدل گیا تھا۔ وہ صبح سویرے اٹھتا اور سارا دن باغ میں محنت کرتا۔ گاؤں کے دوسرے کسان اسے اس طرح کام کرتے دیکھ کر حیران رہ جاتے۔

ایک دن ایک کسان نے اپنے دوست سے کہا:

“یہ وہی چنائی ہے جو کبھی کام کو ہاتھ لگانا بھی پسند نہیں کرتا تھا؟ آخر اسے کیا ہو گیا ہے؟”

دوسرے کسان نے ہنستے ہوئے جواب دیا:

“بھائی! اسے سونے کی تلاش ہے۔ شاید اسی لیے اب اسے محنت سے بھی محبت ہو گئی ہے!”

وقت گزرتا گیا۔ چنائی کی مسلسل محنت رنگ لانے لگی۔ اس کے لگائے ہوئے پودے بڑے ہو گئے اور ان پر ہرے بھرے پتے نکل آئے۔ کچھ عرصے بعد درختوں پر کیلے کے گچھے بھی لگنے شروع ہو گئے۔

چنائی کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ اب وہ پہلے سے بھی زیادہ محنت کرنے لگا۔ جب کیلے پکنے لگے تو اس نے پتوں کی نچلی سطح سے باریک سفید ریشے جمع کرنا شروع کر دیے۔ وہ بڑی احتیاط سے انہیں اکٹھا کرتا اور پھر ان کا سفوف تیار کرتا۔

اسے درختوں پر لگے ہوئے کیلے کے بھاری بھاری گچھوں سے کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی۔ اس کی ساری توجہ تو سفید سفوف جمع کرنے پر مرکوز تھی۔

ادھر اس کی بیوی اور بچے خوشی خوشی درختوں سے پکے ہوئے کیلے اتارتے، انہیں بازار میں فروخت کرتے اور رقم گھر میں جمع کرتے جاتے۔

کئی دنوں کی مسلسل محنت کے بعد آخرکار چنائی نے تین کلو گرام سفید سفوف جمع کر لیا۔ وہ اسے ایک تھیلے میں ڈال کر خوشی خوشی اپنے سسر کے پاس پہنچا۔

اس نے تھیلا ان کے سامنے رکھتے ہوئے کہا:

“ابا جان! دیکھیے، میں آپ کی بتائی ہوئی چیز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔ اب جلدی سے مجھے سونا بنانے کا طریقہ بتا دیجیے۔ میں بہت بے تاب ہوں!”

سوریہ کے والد نے مسکراتے ہوئے اس کی طرف دیکھا اور کہا:

“چنائی! اب تمہیں سونا بنانے کا طریقہ جاننے کی کوئی ضرورت نہیں۔ تم تو پہلے ہی بہت سارے سونے کے مالک بن چکے ہو۔ جاؤ، اپنے گھر جاؤ اور اپنی محنت کا پھل دیکھو۔”

چنائی کو یہ بات کچھ سمجھ نہ آئی، مگر وہ فوراً گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔

گھر پہنچ کر اس نے دیکھا کہ اس کی بیوی اور بچے بڑے کمرے میں اس کے منتظر بیٹھے ہیں۔ کمرے کے درمیان رکھی میز پر سونے کے بے شمار سکے چمک رہے تھے۔

چنائی کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔ اس نے خوشی اور حیرانی کے ملے جلے جذبات کے ساتھ پوچھا:

“یہ اتنے سارے سونے کے سکے کہاں سے آئے؟”

اس کی بیوی سوریہ مسکرائی اور بولی:

“یہ سب تمہاری محنت کا نتیجہ ہے۔ تم نے جس باغ کو اپنی غفلت سے تباہ کر دیا تھا، اسے دوبارہ اپنے ہاتھوں سے آباد کیا۔ تمہارے باغ میں جو کیلے پیدا ہوئے، ہم نے انہیں بازار میں فروخت کر دیا۔ ان کی آمدنی سے یہ سکے جمع ہوئے ہیں۔ اگر تم اسی طرح محنت کرتے رہے تو ان شاء اللہ ہر سال ہمارا گھر خوش حالی سے بھر جائے گا۔”

چنائی کچھ دیر خاموش کھڑا رہا۔ پھر اسے اپنے سسر کی پوری بات سمجھ آ گئی۔

اسے احساس ہوا کہ اس کے دانا سسر نے اسے کسی جادو یا طلسم کے ذریعے نہیں بلکہ ایک حکمت بھری ترکیب سے زندگی کا سب سے بڑا سبق سکھایا تھا۔

اس دن چنائی نے عہد کیا کہ وہ آئندہ کبھی محنت سے جی نہیں چرائے گا اور اپنے گھر، بچوں اور باغ کی پوری ذمہ داری اٹھائے گا۔

اس نے جان لیا تھا کہ دولت حاصل کرنے کے لیے کسی جادوئی نسخے کی نہیں بلکہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔

سبق: محنت کبھی ضائع نہیں جاتی۔ جو شخص ایمانداری اور لگن سے کام کرتا ہے، کامیابی اور خوش حالی ایک دن اس کے قدم ضرور چومتی ہیں۔ سونا بنانے کے خواب دیکھنے سے بہتر ہے کہ انسان اپنی صلاحیتوں اور محنت سے اپنی زندگی کو سونا بنا لے۔
ـــــــــــــ

Leave a Reply

NZ's Corner