ایک ڈاکو ایک بزرگ پیر صاحب کی صحبت سے متاثر ہو کر ڈاکے ڈالنے سے تائب ہو گیا۔ مگر وقت نے ایسی کروٹ بدلی کہ غربت اور بے روزگاری کے باعث اس کے گھر میں فاقوں کی نوبت آ پہنچی۔
ایک روز وہ ایک بڑے ولی کے مزار پر گیا، دعا مانگی اور پھر دن دہاڑے وہاں چھت سے لٹکتا ہوا انتہائی قیمتی فانوس اتار کر لے گیا۔
مزار کے گدی نشین اور مجاوروں نے چوری کا مقدمہ درج کروا دیا۔ معاملہ عدالت تک جا پہنچا اور جج صاحب نے ملزم کو طلب کر لیا۔
عدالت میں جج صاحب نے پوچھا:
’’کیا تم نے مزار سے فانوس اتارا ہے؟‘‘
ڈاکو نے جواب دیا:
’’جی ہاں، اتارا ہے۔‘‘
جج صاحب نے پوچھا:
’’کیوں اتارا؟‘‘
ڈاکو بولا:
’’جناب! گھر میں فاقوں کی نوبت آ گئی تھی۔ میں صاحبِ مزار کے حضور اپنی حاجت لے کر حاضر ہوا۔ دعا مانگی تو قبر کے اندر سے آواز آئی کہ یہ فانوس تیرا ہوا، اسے بیچ کر اپنی ضرورت پوری کر لے۔ چنانچہ میں نے فانوس اتارا اور اسے فروخت کرکے گھر کا خرچ چلا لیا۔‘‘
یہ سن کر جج صاحب نے سر جھکا لیا۔ کچھ دیر توقف کے بعد گدی نشین اور مجاوروں سے مخاطب ہوئے:
’’آپ کے پاس دو راستے ہیں۔ یا تو اپنا عقیدہ بدل کر تحریری طور پر دے دیں کہ اولیا قبروں میں نہ سنتے ہیں اور نہ حاجت روائی کرتے ہیں، پھر ہم اس مقدمے کی کارروائی آگے بڑھاتے ہیں۔
اور اگر آپ اپنے عقیدے پر قائم ہیں تو پھر ہمیں بھی ملزم کی بات درست ماننی پڑے گی کہ اس نے جو کچھ کیا، صاحبِ مزار کے حکم سے کیا!
اب فیصلہ آپ خود کر لیجیے۔‘‘
یہ سن کر گدی نشین اور مجاوروں نے آپس میں مشورہ کیا اور بالآخر مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا۔


