دوسری دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک ملک میں ایک امیر لکڑہارا رہا کرتا تھا۔ (وہ ملک پاکستان تھا، کیونکہ یہاں کے لکڑہارے ہی امیر ہو سکتے ہیں۔)
اس لکڑہارے نے بھی وہ مشہور کہانی سن رکھی تھی جس میں ایک ایماندار لکڑہارے کو اس کی ایمانداری کے صلے میں ایک فرشتے نے سونے اور چاندی کے کلہاڑے انعام میں دیے تھے۔
ایک دن وہ لکڑہارا (چوری کی) لکڑیاں کاٹ رہا تھا کہ اچانک اسے خیال آیا کہ کیوں نہ وہ بھی اپنے پرانے ہم پیشہ لکڑہارے کی طرح ایمانداری کا مظاہرہ کرے اور سونے چاندی کے کلہاڑے انعام میں حاصل کرے۔
(لکڑہارا لندن والی چور پارٹی کا رکن بھی تھا، اس لیے لوٹ مار کے تمام ڈھنگ جانتا تھا۔)
یہ خیال آتے ہی اس نے سب سے پہلے ایک ایسا درخت تلاش کرنا شروع کر دیا جس کے نیچے سے نہر گزرتی ہو۔ ایک دفعہ تو اسے خیال آیا کہ درخت کے نیچے پانی کا ٹب رکھ کر بھی کام چلایا جا سکتا ہے، لیکن پھر سوچا کہ آج کل اتنے معصوم فرشتے کہاں ملتے ہیں، سو درخت ہی ڈھونڈنا پڑے گا۔
آخر کافی تگ و دو کے بعد اسے ایک ایسا درخت نظر آ ہی گیا۔ وہ درخت پر چڑھ گیا اور لکڑیاں کاٹنے لگا۔ اس نے سوچا کہ جان بوجھ کر کلہاڑا ٹہنی سے مس کروں گا اور ہاتھ سے چھوڑ دوں گا۔
اسی آئیڈیا کے تحت اس نے ایک زوردار وار کیا۔ خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ کلہاڑا ٹہنی سے مس ہونے کے بجائے سیدھا ٹہنی پر جا لگا اور لکڑہارے کے ہاتھ سے چھوٹ گیا۔ نتیجتاً کلہاڑے کی بجائے موصوف خود ہی نہر میں جا گرے۔
نہر میں پڑے پڑے ایک تو خدا کا شکر ادا کیا کہ نیچے نہر تھی، دوسرا خیال آیا کہ کیا ہی اچھا ہو اگر وہ پرانے زمانے والی کہانی کی طرح کوئی جن نمودار ہو اور کلہاڑے کے بارے میں سوال کرنے لگے۔ پھر وہ اپنی ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا کلہاڑا بھی حاصل کر لے۔
لیکن جلد ہی اسے احساس ہوا کہ کلہاڑے بولتے نہیں، اور دوسرا یہ کہ نہر میں پڑے پڑے کہیں واقعی فوت نہ ہو جائے۔ سو فوراً نہر سے باہر چھلانگ لگائی، کچھ دیر خود کو سکھایا اور ایک اور کوشش کرنے کے لیے دوبارہ درخت پر چڑھ گیا۔
اس مرتبہ کافی سنبھل کر اور احتیاط سے کلہاڑے کو نہر برد کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ پھر درخت سے اترا اور ایک طرف بیٹھ کر باقاعدہ رونے لگا۔
اچانک وہاں سے ایک اجنبی کا گزر ہوا۔ اس نے لکڑہارے کو روتے دیکھا تو پوچھا:
اجنبی: بھائی لکڑہارے! کہیں پانی میں کلہاڑا گرا کر کسی فرشتے یا جن کا انتظار تو نہیں کر رہے؟
(اجنبی بھی شاید لکڑہارا ہی تھا۔)
لکڑہارا: ارے نہیں بھائی! میں تو ملک کے حالات پر رو رہا ہوں۔
(لکڑہارا ہر فن مولا تھا، فوراً بات بدل گیا۔)
اجنبی: اچھا اچھا! پھر تو رونا بنتا بھی ہے۔
اجنبی یہ کہہ کر آگے بڑھ گیا تو لکڑہارے نے دوبارہ اپنا ڈراما شروع کر دیا۔
آخرکار لکڑہارے کی کوششیں رنگ لے ہی آئیں اور اس کے ساتھ ایک خوفناک جن بھی نمودار ہو گیا۔
جن کا حلیہ ایسا تھا کہ دیکھنے والا ایک لمحے کے لیے اپنی زندگی کے تمام گناہ یاد کر لے۔ سر پر بکھرے ہوئے بال، خون جیسی سرخ آنکھیں، لمبے نوکیلے دانت اور ایسا خوفناک چہرہ کہ اندھیرے میں دیکھنے والا روشنی میں بھی ڈرنے لگے۔
جن کو دیکھ کر لکڑہارے کے چہرے پر ویسی ہی مسکراہٹ ابھری جیسی آئی ایم ایف کا وفد دیکھ کر اسحاق ڈار کے چہرے پر آتی ہے۔
جن نے انتہائی بھاری اور گرج دار آواز میں پوچھا:
جن: اے انسان! کیوں رو رہا ہے؟
لکڑہارا: جناب! لکڑیاں کاٹ رہا تھا کہ میرا کلہاڑا پانی میں گر گیا۔
جن: تو اس میں رونے کی کیا بات ہے؟ نیا لے لینا۔
لکڑہارا: (حیرانی سے) جناب! وہ میرا سب سے اچھا کلہاڑا تھا۔ اس کے بغیر مجھ سے لکڑیاں نہیں کاٹی جاتیں۔ اب میں کیا کروں گا؟
(لکڑہارا بھی پورا وزیر تھا، ہار ماننے کو تیار ہی نہیں تھا۔)
جن: اچھا! ایک منٹ ٹھہر، میں نکال لاتا ہوں۔
یہ کہہ کر جن نے نہر میں چھلانگ لگا دی اور کچھ دیر بعد ایک سونے کا کلہاڑا نکال لایا۔
سونے کا کلہاڑا دیکھ کر لکڑہارے کی باچھیں اتنی کھل گئیں کہ اگر فوراً منہ بند نہ کرتا تو خدشہ تھا کہ خوشی سے ہاضمہ ہی باہر آ جائے گا۔
جن: ہاں! یہی ہے تیرا کلہاڑا؟
لکڑہارے کا ایک بار تو دل چاہا کہ ہاں کہہ کر سونے کا کلہاڑا لے لے، لیکن پھر اس کے حکومتی قسم کے ذہن نے سمجھایا کہ اگر صرف سونے کا کلہاڑا لے لیا تو چاندی والا کلہاڑا ہاتھ سے چلا جائے گا۔
لکڑہارا: جی نہیں جناب! یہ میرا نہیں ہے۔ میرا تو سفید رنگ کا تھا۔
جن نے حیران ہو کر دوبارہ چھلانگ لگائی اور تھوڑی دیر بعد چاندی کا کلہاڑا لے کر باہر آ گیا۔
لکڑہارا خوشی ایسے سنبھال رہا تھا جیسے مجبوری میں بیوی سنبھالی جاتی ہے۔
جن: اچھا! پھر یہ والا تیرا ہے؟
لکڑہارا: جی نہیں جناب! یہ بھی میرا نہیں ہے۔
جن حیرت سے مر ہی جاتا، لیکن جن کہاں مرتے ہیں!
چار و ناچار اسے پھر چھلانگ لگانا پڑی اور آخرکار لکڑہارے کا اپنا کلہاڑا نکال لایا۔
جن: اب بتا! یہ تیرا ہے؟
لکڑہارا: جی جناب! یہی میرا کلہاڑا ہے۔
جن نے اپنے سر سے پانی جھٹکتے ہوئے کلہاڑا اس کے حوالے کر دیا۔ لکڑہارا اب اس انتظار میں تھا کہ باقی دونوں کلہاڑے بھی اس کی ایمانداری کے صلے میں ملیں گے۔
جن نے اپنی کلائی پر بندھی گھڑی میں وقت دیکھا۔ (جدید جن تھا، وقت کی پابندی بھی کرتا تھا۔)
لکڑہارا جن کو بڑی امید بھری، بلکہ کچھ کچھ شودی نظروں سے دیکھ رہا تھا۔
لکڑہارا: جناب! وہ باقی دو کلہاڑے۔۔۔؟
جن: کون سے باقی دو؟
لکڑہارا: ارے وہی سونے اور چاندی والے!
جن: وہ کیوں؟
لکڑہارا: کیا آپ نے ایماندار لکڑہارے والی کہانی نہیں سنی؟
جن: اوہ! اچھا، وہ والی کہانی! ہاں، سنی ہے۔ لیکن دراصل اب ویسے رحم دل فرشتے کہاں ملتے ہیں؟
لکڑہارا: لیکن جناب! میں نے بھی تو اتنی ایمانداری دکھائی ہے!
جن: ہاں، وہ تو ٹھیک ہے، لیکن تجھے اب سونے چاندی کے کلہاڑوں کی کیا ضرورت؟
لکڑہارا: کیا مطلب؟
جن: مطلب یہ کہ بھائی! میں کوئی کلہاڑے بانٹنے والا فرشتہ نہیں ہوں۔ میں تو جان لینے والا جن ہوں، اور آج تیری ہی جان لینے آیا تھا۔ تو نے پہلے ہی کافی وقت ضائع کر دیا ہے۔ اب شاباش! سیدھا ہو جا۔
یہ کہتے ہوئے جن لکڑہارے کی طرف بڑھا۔
لکڑہارے نے اپنا کلہاڑا بھی وہیں پھینکا اور ایسا رفوچکر ہوا کہ پیچھے دھول تک نظر نہ آئی۔😂


