ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک گھنا اور سرسبز جنگل تھا، جہاں چھوٹے بڑے ہر طرح کے جانور آباد تھے۔ انواع و اقسام کے پھل دار درخت، بلند و بالا پہاڑ، شفاف جھرنے اور قدرتی حسن کے بے شمار نظارے تھے۔ غرض یہ کہ اللہ تعالیٰ نے جنگل کو ہر نعمت سے نواز رکھا تھا۔
اس جنگل پر ایک ہاتھی حکمران تھا۔ طاقت کے نشے میں بدمست، جب بھی اپنے ریوڑ کے ساتھ جنگل سے گزرتا، راستے میں آنے والی ہر چیز کو روندتا چلا جاتا۔ چھوٹے جانوروں کے گھر اجڑتے، درخت تباہ ہوتے اور کئی بے زبان مخلوق اس کی طاقت کی بھینٹ چڑھ جاتی۔
جنگل کے تمام جانور اس کے ظلم سے پریشان تھے، مگر کسی میں اتنی جرأت نہ تھی کہ اس کے خلاف آواز اٹھا سکے۔ سب اس کے رعب و دبدبے کے سامنے خاموش تھے۔
ایک روز ایک چیتا جنگل میں آیا۔ اس نے جانوروں کی حالت دیکھی تو ان سے مخاطب ہو کر کہا:
’’تم آخر کب تک اس کے ظلم اور ناانصافی کو برداشت کرتے رہو گے؟ اس کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟ کیا تم سب نے اپنی قسمت اسی کے قدموں تلے روندے جانے کے لیے لکھ دی ہے؟‘‘
گیدڑ یہ سب کچھ دیکھ رہا تھا۔ وہ فوراً ہاتھی کے پاس پہنچا اور اسے چیتے کی گفتگو سے آگاہ کر دیا۔
ہاتھی پہلے ہی جانتا تھا کہ گیدڑ اس کا خیرخواہ نہیں، اس لیے اس نے غصے سے چنگھاڑتے ہوئے کہا:
’’میرا مقابلہ ایک دبلا پتلا چیتا کرے گا؟ میں اسے اپنے پیروں تلے کچل کر رکھ دوں گا!‘‘
کچھ عرصہ گزرا تو ایک روز پھر ہاتھی اپنے پورے ریوڑ کے ساتھ جنگل سے گزرا۔ حسبِ معمول اپنے جاہ و جلال اور طاقت کے نشے میں چور، اس نے راستے میں آنے والی ہر چیز کو روند ڈالا۔ اس روز جنگل میں بڑی تباہی ہوئی۔
یہ منظر دیکھ کر چیتے نے عہد کیا کہ وہ اپنے لوگوں کو اس ظالم حکمران اور اس کے ساتھیوں سے نجات دلا کر رہے گا۔
اس نے ایک بار پھر تمام جانوروں کو اکٹھا کیا اور ان سے مخاطب ہو کر کہا:
’’آخر تم کب تک اس کے ظلم کی چکی میں پستے رہو گے؟ میرا ساتھ دو۔ میں تمہیں یقین دلاتا ہوں کہ اگر ہم سب متحد ہو کر اس کا مقابلہ کریں تو اسے شکست دے سکتے ہیں۔ ہمیں یہ جنگ اپنے لیے نہیں، اپنی آنے والی نسلوں کے لیے لڑنی ہے۔ کیا تم چاہتے ہو کہ ہمارے بچے بھی اسی خوف اور غلامی میں زندگی گزاریں؟‘‘
اسی دوران گِدھوں کے ایک جھنڈ میں سے ایک چھوٹا گدھ آگے بڑھا اور بولا:
’’بالکل درست! ہمیں چیتے کا ساتھ دینا چاہیے۔ آخر کب تک ہم خاموش تماشائی بنے رہیں گے؟‘‘
مگر ایک عمر رسیدہ گدھ نے اسے فوراً ٹوکتے ہوئے کہا:
’’بیٹا! جذبات میں آنے کی ضرورت نہیں۔ ہمیں خاموش رہ کر نتیجے کا انتظار کرنا چاہیے۔ جیت کسی کی بھی ہو، ہمیں تو اپنا حصہ مل ہی جائے گا۔ آخر مُردار تو ہمیں دونوں صورتوں میں کھانے کو ملے گا!‘‘
کچھ چھوٹے بڑے جانوروں نے چیتے کی حمایت کی، جبکہ کئی نے اس کی مخالفت کی۔ کچھ خوف زدہ تھے، کچھ اپنے مفادات کے اسیر اور کچھ محض تماشائی بنے رہنا چاہتے تھے۔
بالآخر ایک روز چیتے اور ہاتھی کا آمنا سامنا ہو ہی گیا۔ گھمسان کی جنگ چھڑ گئی۔ مگر افسوس کہ سوائے ایک دو جانوروں کے، کوئی بھی ہاتھی کے مقابلے میں چیتے کا ساتھ دینے نہ آیا۔
خرگوش نے البتہ چیتے کا بھرپور ساتھ دیا۔ ایک موقع پر اس نے باقی جانوروں کی طرف دیکھا، جو ہاتھی کے عتاب کے خوف یا اپنے مفادات کے لالچ میں خاموش تماشائی بنے کھڑے تھے۔ وہ پوری قوت سے چیخا:
’’اٹھو! حق کا ساتھ دو! ورنہ ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ یاد رکھو، آج تمہاری خاموشی کل تمہارے بچوں کی غلامی بن سکتی ہے!‘‘
مگر اس کی آواز بھی بے سود ثابت ہوئی۔
کیونکہ جنگل کے بیشتر جانوروں نے اپنا ضمیر، اپنا حق اور اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل، چند لقموں کے عوض بیچ دیا تھا۔
انہیں جنگل کی آزادی سے زیادہ اپنے حصے کا مُردار عزیز تھا!
چیتا ابھی تک نہیں جیتا کیونکہ یہ کہانی پاکستان کی ہے۔ جہاں ہم غفلت کی نیند سو رہے ہیں اور مفاد کی پٹی آنکھوں پر چڑھائے ہوئے ہیں۔ اور رشوت خور طبقہ خوش ہے کہ دونوں ہی صورتوں میں مردار تو انہیں ہی ملے گا۔
اللہ ہمارے ملک پر رحم فرمائے آمین


