ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک نامور مصور اپنی زندگی کا ایک شاہکار تخلیق کرنے میں مصروف تھا۔ پینٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی تھی اور آخری مراحل میں تھی۔ یہ اس کی اب تک کی سب سے خوبصورت تخلیق تھی، جسے وہ ملک کی شہزادی کو شادی کے تحفے کے طور پر پیش کرنا چاہتا تھا۔
ایک روز موسم نہایت خوش گوار تھا۔ مصور اپنی اس شاہکار تخلیق کو لے کر ہوٹل کی بالکونی میں آ گیا تاکہ اسے آخری بار بغور دیکھ سکے اور اس کی نوک پلک مزید سنوار سکے۔
وہ اپنی تخلیق سے بے حد خوش تھا۔ پینٹنگ کو بہتر انداز میں دیکھنے کے لیے وہ چند قدم پیچھے ہٹا۔ اس کی نظریں مسلسل پینٹنگ پر جمی ہوئی تھیں اور اسے اپنے پیچھے موجود خطرے کا بالکل احساس نہ تھا۔ وہ آہستہ آہستہ پیچھے ہٹتا رہا، یہاں تک کہ عمارت کی بالکونی کے بالکل آخری کنارے تک جا پہنچا۔
اب اگر وہ ایک قدم بھی مزید پیچھے ہٹتا تو سینکڑوں فٹ نیچے گر کر موت کے منہ میں چلا جاتا۔
وہاں موجود ایک شخص دور سے مصور کی حرکات کا بغور جائزہ لے رہا تھا۔ اس نے جب دیکھا کہ مصور خطرناک حد تک کنارے کے قریب پہنچ چکا ہے تو اسے آواز دینے کے لیے منہ کھولا، مگر اچانک اسے خیال آیا کہ کہیں اس کی آواز سن کر مصور چونک نہ جائے اور گھبراہٹ میں ایک قدم مزید پیچھے نہ ہٹ جائے۔
وہ شخص چند لمحے سوچتا رہا۔ پھر اس نے ایک ایسا فیصلہ کیا جس کے نتائج اسے اچھی طرح معلوم تھے۔
اس نے مصور کا پینٹ برش اٹھایا اور اس کی خوب صورت پینٹنگ پر پھیرنا شروع کر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے مصور کی پوری تخلیق کو برباد کر دیا۔
مصور نے جب یہ منظر دیکھا تو اس کے ہوش اڑ گئے۔ اپنی برسوں کی محنت کو یوں برباد ہوتے دیکھ کر وہ غصے سے آگ بگولا ہو گیا۔ وہ اس شخص کو مارنے کے لیے اس کی طرف لپکا، مگر وہاں موجود چند لوگوں نے اسے روک لیا۔
پھر انہوں نے اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے وہ مقام دکھایا جہاں وہ کھڑا تھا۔ اسے بتایا کہ وہ موت سے محض ایک قدم کے فاصلے پر تھا۔ اگر وہ ایک قدم بھی مزید پیچھے ہٹتا تو نہ وہ زندہ رہتا اور نہ ہی اس کا شاہکار۔
تب مصور کو احساس ہوا کہ جس شخص کو وہ اپنی تخلیق کا دشمن سمجھ رہا تھا، درحقیقت اسی نے اس کی زندگی بچائی تھی۔
ہماری زندگی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔
ہم سب اپنے مستقبل کی ایک نہایت خوب صورت پینٹنگ بناتے ہیں۔ ایک ایسا مستقبل جو ہمارے لیے سب سے قیمتی خواب ہوتا ہے۔ ہم اپنی خوشیاں، اپنی امیدیں اور اپنی زندگی کی تمام مسرتیں اس خواب کی تعبیر سے وابستہ کر دیتے ہیں۔
لیکن کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ اچانک ہماری برسوں کی محنت، ہماری تمام امیدیں اور مستقبل کے حسین خواب ایک ہی لمحے میں بکھر جاتے ہیں۔
ہم آہ و فغاں کرتے ہیں، خود کو خالی ہاتھ محسوس کرنے لگتے ہیں، زندگی میں اندھیرا سا چھا جاتا ہے اور ہم اپنے رب سے شکوے شکایتیں کرنے لگتے ہیں۔ ہمیں غصہ آتا ہے کہ آخر ہمارے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوا؟ ہماری خوب صورت زندگی کی پینٹنگ کس نے خراب کر دی؟
مگر ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ شاید ہم اپنی پینٹنگ کو دیکھتے ہوئے زندگی کی بالکونی کے آخری کنارے تک پہنچ چکے تھے۔
ممکن ہے کہ جس خواب کے ٹوٹنے پر ہم آج رو رہے ہیں، وہ ہمیں کسی ایسے خطرے کی طرف لے جا رہا ہو جس کا ہمیں خود بھی احساس نہ ہو۔
اللہ تعالیٰ ہماری زندگی کے معاملات کو ہم سے بہتر جانتا ہے۔ وہ ہماری مصلحتوں اور ہمارے مستقبل سے واقف ہے۔ بعض اوقات وہ ہم سے وہ چیزیں لے لیتا ہے جنہیں ہم اپنی سب سے بڑی خوشی سمجھ رہے ہوتے ہیں، کیونکہ اس کے علم میں ہوتا ہے کہ ان کا ہمارے پاس رہنا ہمارے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
ہمیں یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بے حد مہربان ہے۔ اس نے انسان کو زمین پر اپنا خلیفہ بنایا اور اسے عقل و شعور عطا کیا ہے۔ وہی بہتر جانتا ہے کہ ہمارے لیے کیا مناسب ہے اور کیا نہیں۔
لہٰذا، اگر زندگی کی کوئی خوب صورت پینٹنگ اچانک ٹوٹ جائے تو فوراً یہ فیصلہ مت کر لیجیے کہ آپ کی زندگی برباد ہو گئی ہے۔
کیا خبر، جسے آپ اپنی تخلیق کی تباہی سمجھ رہے ہیں، وہ دراصل آپ کی زندگی بچانے کی ایک کوشش ہو!


