ابو لہب کی بیٹی

ابو لہب کی بیٹی

ابو لہب کی ایک بیٹی تھی، جس کا نام دُرّہ تھا۔ جی ہاں! یہ وہی صحابیہ دُرّہ بنتِ ابو لہب رضی ﷲ عنہا تھیں، جو رسول ﷲ ﷺ کی چچا زاد بہن تھیں۔ وہ اسلام لے آئیں، حالانکہ ان کے والد ابو لہب تھے اور والدہ اُمِّ جمیل (حَمّالَۃُ الحَطَب) تھیں، جن کے بارے میں قرآنِ مجید میں مذمت نازل ہوئی۔ ان کے دونوں بھائی عُتبہ اور عُتیبہ بھی کفر میں بہت آگے تھے۔ دُرّہ رضی ﷲ عنہا نے اپنے خاندان کے ظلم و ستم سے بچنے کے لیے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کی۔ وہ پہلے سے شادی شدہ تھیں۔

زمانۂ جاہلیت میں ان کا نکاح ایک مشرک شخص حارث بن عامر بن نوفل بن عبد مناف سے ہوا تھا، جو غزوۂ بدر میں مارا گیا۔ اس سے ان کے تین بیٹے بھی تھے۔ پھر ﷲ تعالیٰ نے ان کے اسلام قبول کرنے کے بعد انہیں پہلے سے بہتر شوہر عطا فرمایا اور ان کا نکاح جلیل القدر صحابی دِحیہ کلبی رضی ﷲ عنہ سے ہوا۔ دِحیہ کلبی رضی ﷲ عنہ نہایت خوبصورت اور وجیہہ شخصیت کے مالک تھے۔

ان کے حسن و جمال کا یہ عالم تھا کہ حضرت جبریل علیہ السلام بعض اوقات انسانی شکل میں رسول ﷲ ﷺ کے پاس آتے تو دِحیہ کلبی رضی ﷲ عنہ کی صورت اختیار کرتے تھے۔ پس دُرّہ رضی ﷲ عنہا بنتِ ابو لہب کے لیے یہ کس قدر بڑا اعزاز تھا!

یہاں اگر یہ وضاحت بھی ساتھ کر دیں کہ اس وقت کچھ لوگ ان صحابیہ ؓ کے سامنے آنے پر سورہ المسد کی تلاوت شروع کر دیا کرتے تھے جس پر ان کی دل آزاری ہوتی تھی اور انہوں نے پیارے رسول ﷺ کی خدمت میں گزارش کی تھی جس پر آپ ﷺ نے لوگوں کو منع فرما دیا تھا ۔ سورہ المسد وہی سورہ ہے جس میں ابو لہب اور اس کی بیوی پر لعن طعن فرمائی گئی ہے

Leave a Reply

NZ's Corner