تمہاری ماں تمہارے سوگ میں بیٹھے۔ (بڑے افسوس کی بات ہے)

تمہاری ماں تمہارے سوگ میں بیٹھے۔ (بڑے افسوس کی بات ہے)

حضرت طفیل بن عمرو دوسی رضی اللہ تعالیٰ عنہ زمانہ جاہلیت میں قبیلہ دوس کے سردار تھے اور عرب کے قابل ذکر شریف اور گنے چنے بہادروں میں ان کا شمار ہوتا تھا، وہ ایک ایسے مہمان نواز تھے جن کے بارے میں عربی میں کہا جاتا ہے:

“لَا تَنْزِلُ لَهُ قِدْرٌ عَنْ نَارٍ، وَلَا يُوصَدُ لَهُ بَابٌ أَمَامَ طَارِقٍ…..
يُطْعِمُ الْجَائِعَ، وَيُؤَمِّنُ الْخَائِفَ، وَيُجِيرُ الْمُسْتَجِيرَ۔”

مہمانوں کے بہت زیادہ آنے کی وجہ سے ان کے یہاں کھانے کی دیگیں کبھی چولہوں سے اترتی نہیں، اور ان کے دروازے آنے والے مہمانوں کے استقبال کے لیے ہر وقت کھلے رہتے، وہ بھوکوں کو کھانا کھلاتے، خوف زدہ لوگوں کو تسلی دیتے، اور پناہ طلب کرنے والوں کو اپنی پناہ میں لیتے۔

ان ساری خوبیوں کے علاوہ، وہ نہایت سمجھدار ….. ذہین ….. بہت ادب والے اور اچھے شاعر تھے۔ اس لیے وہ کلام اور شعر کے اچھے برے اور صحیح غلط کی تمیز میں کافی سمجھ رکھنے والے تھے اور وہ ایسی بات کرتے جو بہت اثر رکھتی۔

حضرت طفیل بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے قبیلے کے علاقے “تہامہ” کو چھوڑ کر مکہ معظمہ کے لیے روانہ ہوئے، یہ وہ وقت تھا جس وقت حضور اکرم ﷺ نے قریش کو ایمان کی دعوت دینا شروع فرمائی تھی اور قریش مکہ نے مخالفت شروع کر دی تھی۔

رسول اللہ ﷺ حق و انصاف کے ساتھ لوگوں کو ایمان کی طرف دعوت دے رہے تھے، جب کہ کفار قریش ہر طریقے استعمال کر کے اس دعوت کی مخالفت میں لگے ہوئے تھے اور لوگوں کو اس دعوت سے دور رکھنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے تھے۔

مکہ معظمہ میں حضرت طفیل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے محسوس کیا کہ وہ کسی ارادے اور تیاری کے بغیر لڑائی میں شامل ہوتے جا رہے ہیں، نہ تو وہ اس مقصد سے مکہ آئے تھے حضرت محمد ﷺ اور قریش کے درمیان اس لڑائی کا انہیں اندازہ تھا۔ اس وجہ سے اس لڑائی سے متعلق ان کی نہ بھولنے والی اور عجیب و غریب داستان سننے سے تعلق رکھتی ہے۔

حضرت طفیل بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس واقعہ کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

“جب میں مکہ معظمہ پہنچا تو مجھے دیکھتے ہی قریش کے سردار میری طرف لپکے اور انہوں نے بڑی گرم جوشی کے ساتھ میرا استقبال کیا اور مجھے بڑی عزت و اکرام سے نوازا۔ پھر ان کے بڑے بڑے سردار اور معزز لوگ میرے گرد جمع ہو گئے اور مجھے کہنے لگے:

“يَا طُفَيْلُ، إِنَّكَ قَدْ قَدِمْتَ بِلَادَنَا، وَهَذَا الرَّجُلُ الَّذِي يَزْعُمُ أَنَّهُ نَبِيٌّ قَدْ أَفْسَدَ أَمْرَنَا وَمَزَّقَ شَمْلَنَا، وَشَتَّتَ جَمَاعَتَنَا، وَنَحْنُ إِنَّمَا نَخْشَى أَنْ يَحُلَّ بِكَ وَبِزَعَامَتِكَ فِي قَوْمِكَ مَا قَدْ حَلَّ بِنَا، فَلَا تُكَلِّمِ الرَّجُلَ، وَلَا تَسْمَعَنَّ مِنْهُ شَيْئًا، فَإِنَّ لَهُ قَوْلًا كَالسِّحْرِ، يُفَرِّقُ بَيْنَ الْوَلَدِ وَأَبِيهِ، وَبَيْنَ الْأَخِ وَأَخِيهِ، وَبَيْنَ الزَّوْجَةِ وَزَوْجِهَا۔”

“طفیل! تم ہمارے شہر میں آئے ہو۔ اور یہ شخص جو اپنے آپ کو نبی کہتا ہے، اس نے ہمارا سارا معاملہ خراب کر کے رکھ دیا ہے، اس نے ہم میں پھوٹ ڈال دی ہے اور ہمیں گروہوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ ہم لوگوں کو اس بات کا اندیشہ ہے کہ کہیں یہ مصیبت تم پر اور تمہاری قوم پر بھی نازل نہ ہو جائے، اس لیے (ہماری خیر خواہی تمہارے حق میں یہی بہتر ہے کہ) تم نہ تو اس شخص سے کوئی بات کرنا نہ اس کی کوئی بات سننا کیوں کہ اس کی باتیں بڑی پر اثر ہیں، (اس کی زبان میں بہت تاثیر ہے)۔ یہ شخص (اپنی ان باتوں کے ذریعے) باپ بیٹے، بھائی بھائی اور شوہر بیوی میں جدائی کر دیتا ہے۔”

حضرت طفیل رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے قصے کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں:

“خدا کی قسم! وہ لوگ مسلسل اس شخص کی عجیب و غریب باتیں مجھے سناتے رہے اور اس کے حیران کرنے والے کارناموں سے میری اپنی ذات اور میری قوم کے متعلق مجھ کو ڈراتے رہے، یہاں تک کہ میں نے اس بات کا پکا ارادہ کر لیا کہ میں نہ تو اس شخص سے ملوں گا، نہ اس سے بات کروں گا اور نہ ہی اس کی کوئی بات سنوں گا۔

جب میں خانہ کعبہ کے طواف اور اس میں رکھے ہوئے ان بتوں سے برکت حاصل کرنے کے لیے “مسجد حرام” میں گیا جن کی ہم عزت و احترام کرتے تھے، تو اس ڈر سے کہ کہیں محمد ﷺ کی کوئی بات میرے کانوں میں نہ پڑ جائے، میں نے اپنے کانوں میں روئی ٹھونس لی۔

چنانچہ جب میں مسجد میں داخل ہوا تو میں نے محمد ﷺ کو کعبہ کے پاس کھڑے ہو کر نماز پڑھتے ہوئے مشغول پایا، ان کا طریقہ عبادت ہمارے طریقہ عبادت سے مختلف تھا۔ وہ منظر مجھے اتنا اچھا لگا اور ان کے عبادت اس طریقے کو دیکھ کر خوشی میں جھوم اٹھا۔ میں بغیر کسی ارادے کے آہستہ آہستہ ان سے قریب ہوتا چلا گیا، یہاں تک کہ ان کے بالکل نزدیک پہنچ گیا اور اللہ کو یہی منظور تھا، کہ ان کی زبان سے نکلنے والے کچھ الفاظ میرے کانوں تک پہنچے، چنانچہ میں نے ان سے ایک بہترین کلام سنا اور اپنے دل میں کہا:

“ثَكِلَتْكَ أُمُّكَ يَا طُفَيْلُ ….. إِنَّكَ لَرَجُلٌ لَبِيبٌ شَاعِرٌ، وَمَا يَخْفَى عَلَيْكَ الْحُسْنُ مِنَ الْقَبِيحِ، فَمَا يَمْنَعُكَ أَنْ تَسْمَعَ مِنَ الرَّجُلِ مَا يَقُولُ ….. فَإِنْ كَانَ الَّذِي يَأْتِي بِهِ حَسَنًا قَبِلْتَهُ، وَإِنْ كَانَ قَبِيحًا تَرَكْتَهُ۔”

“طفیل! تمہاری ماں تمہارے سوگ میں بیٹھے۔ (بڑے افسوس کی بات ہے) کہ تم ایک سمجھدار اور عقل مند شاعر ہو، تم بات کی اچھائی اور برائی کو سمجھتے ہو۔ آخر اس شخص کی باتیں سننے میں کیا حرج ہے۔ اگر اس کی باتیں اچھی ہوں گی تب پھر قبول کر لینا اور اگر بری ہوں گی تو انہیں چھوڑ دینا۔”

یہ سوچ کر میں وہیں رک گیا، جب رسول اللہ ﷺ نماز سے فارغ ہو کر اپنے گھر کی طرف لوٹے تو میں بھی ان کے پیچھے پیچھے ہو لیا اور جب آپ ﷺ گھر میں داخل ہوئے تو میں بھی آپ ﷺ کے پیچھے چلتے ہوئے اندر چلا گیا اور آپ ﷺ سے عرض کیا:

“يَا مُحَمَّدُ، إِنَّ قَوْمَكَ قَدْ قَالُوا لِي عَنْكَ كَذَا وَكَذَا، فَوَاللَّهِ مَا بَرِحُوا يُخَوِّفُونِي مِنْ أَمْرِكَ حَتَّى سَدَدْتُ أُذُنَيَّ بِقُطْنٍ لِئَلَّا أَسْمَعَ قَوْلَكَ، ثُمَّ أَبَى اللَّهُ إِلَّا أَنْ يُسْمِعَنِي شَيْئًا مِنْهُ، فَوَجَدْتُهُ حَسَنًا فَاعْرِضْ عَلَيَّ أَمْرَكَ۔”

فَعَرَضَ عَلَيَّ أَمْرَهُ، وَقَرَأَ لِي سُورَةَ الْإِخْلَاصِ وَالْفَلَقِ، فَوَاللَّهِ مَا سَمِعْتُ قَوْلًا أَحْسَنَ مِنْ قَوْلِهِ، وَلَا رَأَيْتُ أَمْرًا أَعْدَلَ مِنْ أَمْرِهِ۔”

“اے محمد (ﷺ)! آپ کی قوم کے لوگوں نے مجھ کو آپ سے دور رکھنے کے لیے آپ کے متعلق بہت سی ایسی اور ایسی باتیں کہی ہیں۔ وہ مسلسل مجھ کو آپ کے دین سے ڈراتے رہے حتیٰ کہ میں نے آپ کی باتیں نہ سننے کا پختہ ارادہ کر لیا اور روئی سے اپنے کان بند کر لیے تاکہ کہیں آپ کی کوئی بات میرے کانوں میں نہ پڑ جائے۔ لیکن یہ اللہ کی مرضی تھی کہ اس نے مجھے آپ کی باتیں سنائیں اور وہ مجھے بہت پسند آئیں۔ آپ اپنا دین مجھے بتائیے۔”

چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی دعوت میرے سامنے پیش کی اور مجھے سورتیں “اخلاص” اور “فلق” پڑھ کر سنائیں۔ اللہ کی قسم! اس سے پہلے میں نے اس کلام سے بہتر کوئی کلام نہیں سنا تھا اور نہ اس سے بڑھ کر انصاف کی کوئی بات سنی تھی۔

میں نے اسی وقت اپنا ہاتھ آگے بڑھایا اور کلمہ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہو گیا۔

[سیرت ابن ہشام، دلائل النبوۃ — بیہقی، البدایہ والنہایہ — ابن کثیر، الرحیق المختوم، صحیح بخاری]

Leave a Reply

NZ's Corner