کسی دانا آدمی کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ گزرے ہوئے زمانوں میں ایک بیوہ خاتون تھی جس کا ایک ہی بیٹا اور ایک ہی بیٹی تھی۔ پال پوس کر بڑا کیا اور دونوں کی شادی کر دی۔ کوئی چھ ماہ گزرنے کے بعد ایک دن پاس بیٹھی پڑوسن نے اس سے پوچھا سناؤ بہن بچوں کے بارے کیسی گزر رہی دونوں کی۔ پڑوسن کو جواب دیتے ہوئے اس خاتون نے کہا کہ بہن بیٹی کی طرف سے تو میں بے حد سکھی ہوں لیکن بیٹے کو لے کر میری پریشانی ہے کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتی۔ پڑوسن نے پوچھا ایسا کیا ہو گیا کہ ایک سکون کی زندگی بسر کر رہا اور دوسرے کے بارے تو اتنی غمگین ہے۔ اس پر بیوہ خاتون نے کہا کہ بہن بات یہ ہے کہ مجھے جو داماد ملا ہے وہ بہت ہی اچھا بہت ہی نیک اور سلجھا ہوا لڑکا یے۔ میری بیٹی کو وہ کام کو ہاتھ تک نہیں لگانے دیتا۔ کھانا وغیرہ تک خود بنا لیتا ہے اور دو تو افراد ہیں وہ دونوں لہٰذا برتن بھی وہ خود ہی دھو لیتا ہے اور کوڑا کرکٹ وہاں کہاں سے آنا اس لیے وہ جھاڑو والا کام بھی خود ہی کر لیتا ہے۔ میری بیٹی کو وہ بیوی کی طرح نہیں بلکہ ملکہ کی طرح رکھے ہوئے ہے۔ اور دوسری طرف میرا بیٹا شوہر نہیں بلکہ ایک نوکر کی طرح اپنی بیوی کی خدمت میں صبح و شام مصروف عمل رہتا ہے۔ میری بہو تو چارپائی سے اترنے کا نام ہی نہیں لیتی۔ کھانا میرے بیٹے سے بنواتی ہے، برتن اس سے دھلواتی ہے اور جھاڑ پونچھ بھی میرے بیٹے کو کرنا پڑتی ہے۔ ماں نے سکھایا ہی یہ ہے کہ شوہر کو کام کرکے نہیں دینا بلکہ اس سے کام لینا ہے۔ بہت دکھی ہوں میں اپنے بیٹے کو لے کر۔ اتنا کہ کر وہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی اور پڑوسن اس کے سکھ اور دکھ کی کہانی سن کر عش عش کرتی اٹھ کر گھر چلی گئی۔
کیا سمجھے ؟


