ایک جنگل میں آم کا ایک گھنا درخت تھا جس پر بہت سے آم لگے ہوئے تھے۔ اسی درخت پر ایک بندر، چڑیا اور گلہری رہتے تھے۔
بندر بہت مکار اور دھوکے باز تھا۔ ایک دن اس نے چڑیا اور گلہری سے کہا:
’’ہم ابھی یہ آم نہیں کھائیں گے بلکہ مل کر ان کی حفاظت کریں گے۔ جب بارش اور سردی کا موسم آئے گا تو ہمیں خوراک ڈھونڈنے کے لیے جنگل میں نہیں بھٹکنا پڑے گا۔ تب یہی آم ہمارے کام آئیں گے۔ فی الحال ہم جنگل سے دوسری چیزیں کھا کر گزارا کر لیتے ہیں۔‘‘
چڑیا اور گلہری کو اس کی بات معقول لگی اور دونوں نے اس کی تجویز مان لی۔
بندر نے مزید کہا:
’’پہلے تم دونوں جنگل میں جاکر کھانا تلاش کرو، اتنی دیر میں، میں آموں کی رکھوالی کرتا ہوں۔ جب تم واپس آجاؤ گی تو تم دونوں پہرہ دینا اور میں جنگل سے کھانا ڈھونڈ لاؤں گا۔‘‘
چڑیا اور گلہری کھانا تلاش کرنے جنگل میں نکل گئیں تو بندر نے موقع دیکھ کر درخت سے آم توڑے اور خوب پیٹ بھر کر کھائے۔ پھر آموں کی گٹھلیاں درخت کے نیچے زمین کھود کر دبا دیں تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔
کافی دیر جنگل میں بھٹکنے کے بعد چڑیا اور گلہری کو کچھ کھانے کو ملا۔ دونوں نے پیٹ بھرا اور واپس درخت پر آگئیں۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے دیکھا کہ بندر ہاتھ میں ڈنڈا لیے دوسرے پرندوں کو آموں سے دور بھگا رہا ہے۔
دونوں کو لگا کہ بندر بڑی ایمانداری سے پہرہ دے رہا ہے۔ انہوں نے اس سے کہا:
’’اب تم بھی جنگل میں جاکر کچھ کھا لو۔‘‘
بندر تھوڑی دیر جنگل میں گھومنے کا بہانہ کرکے واپس آگیا۔
چڑیا اور گلہری نے حیرت سے پوچھا:
’’ہم تو سارا جنگل چھاننے کے بعد بھی بڑی مشکل سے کچھ کھانا تلاش کر پائیں، تم اتنی جلدی کہاں سے پیٹ بھر کر آگئے؟‘‘
بندر نے کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر انہیں مطمئن کردیا۔
دن گزرتے گئے۔ چڑیا اور گلہری جب بھی خوراک کی تلاش میں جنگل جاتیں، بندر موقع ملتے ہی آم توڑ کر کھا جاتا اور گٹھلیاں زمین میں دبا دیتا۔ یوں درخت پر آموں کی تعداد آہستہ آہستہ کم ہونے لگی۔
ایک دن چڑیا اور گلہری نے بندر سے پوچھا:
’’ہم میں سے کوئی بھی آم نہیں کھاتا، پھر یہ روز بروز کم کیسے ہوتے جا رہے ہیں؟‘‘
بندر نے فوراً جواب دیا:
’’ہوسکتا ہے جب ہم سو جاتے ہوں تو کوئی چوری چھپے آم توڑ کر کھا جاتا ہو۔‘‘
دونوں کو اس کی بات درست لگی۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب ہم میں سے کوئی ایک رات بھر جاگ کر آموں کی حفاظت کرے گا۔
مگر بندر جس رات پہرہ دیتا، باقی دونوں کے سو جانے پر چپکے سے آم توڑ کر کھا جاتا۔
دیکھتے ہی دیکھتے درخت پر صرف چند آم باقی رہ گئے۔ ایک دن چڑیا اور گلہری نے فیصلہ کیا کہ وہ کسی دوسرے درخت پر چھپ کر دیکھیں گی کہ آخر یہ آم کون کھا رہا ہے۔
دونوں ایک دوسرے درخت کی گھنی جھاڑیوں میں چھپ کر بیٹھ گئیں۔ کچھ ہی دیر بعد انہوں نے اپنی آنکھوں سے بندر کو آم توڑتے اور ان کی گٹھلیاں زمین میں دباتے دیکھ لیا۔
اب سارا معاملہ ان کی سمجھ میں آچکا تھا۔
چڑیا اور گلہری نے بندر سے کہا:
’’تم نے ہمارے ساتھ دھوکا کیا ہے۔ اب درخت پر صرف ایک آم باقی رہ گیا ہے، اسے ہم دونوں مل کر کھائیں گی۔‘‘
مگر بندر نے آخری بار بھی اپنی مکاری دکھائی اور بولا:
’’میں نے تم دونوں سے زیادہ وقت آموں کی حفاظت کی ہے، اس لیے آخری آم پر میرا حق ہے۔ اسے میں ہی کھاؤں گا۔‘‘
یہ کہہ کر اس نے آخری آم بھی توڑ لیا اور کھا گیا۔
چڑیا اور گلہری نے جنگل میں ایک اور پھل دار درخت تلاش کرلیا تھا، لیکن انہوں نے بندر کو اس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
ادھر جس درخت پر تینوں رہتے تھے، اس کی گھنی چھاؤں دیکھ کر ایک دن کئی شیر اس کے نیچے آکر بیٹھنے لگے۔ اب بندر کے لیے مصیبت کھڑی ہوگئی۔ اس کے پاس کھانے کو کچھ نہیں تھا اور شیروں کے خوف سے وہ درخت سے نیچے بھی نہیں اتر سکتا تھا۔ وہ بھوکا پیاسا کئی دن تک درخت پر بیٹھا رہا۔
ایک دن چڑیا اور گلہری وہاں سے گزریں تو انہوں نے بندر کو اس حال میں دیکھا۔ بندر نے انہیں دیکھ کر مدد کی امید سے آواز دی۔
چڑیا اور گلہری نے کہا:
’’یہ تمہارے دھوکے کی سزا ہے۔ اگر تم لالچ میں آکر چوری چھپے آم نہ کھاتے اور ہمارے ساتھ دھوکا نہ کرتے تو آج تم بھی ہمارے ساتھ خوش حالی سے زندگی گزار رہے ہوتے۔‘‘
مگر اب بہت دیر ہوچکی تھی۔
بندر کئی دن تک خوف کے مارے درخت پر دبکا رہا۔ بالآخر بھوک سے تنگ آکر اس نے درخت سے چھلانگ لگائی اور بھاگنے کی کوشش کی، مگر شیروں نے اسے قابو کرلیا اور چیر پھاڑ ڈالا۔
سبق: کئی بار حد سے بڑھی ہوئی چالاکی اور لالچ ہی ہماری تباہی کا سبب بن جاتے ہیں۔ ہم دوسروں کو دھوکا دینے میں اس قدر مگن ہوجاتے ہیں کہ یہ بھول جاتے ہیں کہ ایک دن یہی دھوکا ہماری اپنی زندگی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔


