کبوتر کی آنکھیں اور خود فریبی کا میٹھا زہر: کیوں ہم ‘کھٹے انگور’ کھا کر اپنی ناکامی چھپاتے ہیں؟
کیا آپ نے کبھی کبوتر کو خطرے کی حالت میں دیکھا ہے؟
جب ایک بھوکی بلی کبوتر کی تاک میں ہوتی ہے اور فاصلہ مٹ رہا ہوتا ہے، تو کبوتر اڑتا نہیں، نہ پنجے لڑاتا ہے۔ وہ اپنی آنکھیں بند کر لیتا ہے۔ اس کے ننھے سے دماغ میں ایک عجیب کیمیائی عمل ہوتا ہے جو اسے یہ یقین دلاتا ہے کہ “اگر میں خطرے کو نہیں دیکھ رہا، تو خطرہ بھی موجود نہیں ہے۔”
ہم اس معصوم پرندے کی سادہ لوحی پر مسکراتے ہیں۔ لیکن ذرا رکیے اور اپنے گریبان میں جھانکیے۔
کیا ہم انسان جو شعور، ادراک اور ‘اشرف المخلوقات’ ہونے کے دعویدار ہیں—اپنی نفسیاتی زندگی میں بالکل اسی کبوتر کی تقلید نہیں کر رہے؟
جب زندگی کے تلخ حقائق، معاشی بحران، رشتوں کی ٹوٹ پھوٹ یا اپنی نااہلی کا عفریت ہمارے سامنے کھڑا ہوتا ہے، تو ہمارا دماغ ایک “سپاہی” (Soldier) کی وردی پہن لیتا ہے۔
ہم حقائق کا مقابلہ کرنے کے بجائے “انکار” (Denial) کی پناہ گاہ میں چھپ جاتے ہیں۔ ہم ایک ایسی “متبادل حقیقت” (Alternative Reality) تراشتے ہیں جہاں “سب اچھا ہے”، حالانکہ حقیقت یہ ہوتی ہے کہ ہمارے پاؤں کے نیچے سے زمین سرک رہی ہوتی ہے۔
یہ محض بزدلی نہیں، یہ انسانی دماغ کی ساخت کا ایک پیچیدہ نقص ہے۔
سوال یہ ہے کہ ہم ایسا کیوں کرتے ہیں؟
ماہرینِ نفسیات اور نیورو سائنسدان بتاتے ہیں کہ ہمارا دماغ بنیادی طور پر “سچائی کی مشین” نہیں بلکہ “بقا کی مشین” ہے۔
سچائی اکثر کڑوی، بے رحم اور انا کو توڑنے والی ہوتی ہے۔ اس لیے ہمارا دماغ ہمیں اس نفسیاتی اذیت (Cognitive Dissonance) سے بچانے کے لیے تین انتہائی شاطرانہ اور خفیہ حربے (Defense Mechanisms) استعمال کرتا ہے۔
آئیے ان تین پردوں کو ہٹاتے ہیں جو ہماری بصیرت کو دھندلا کر دیتے ہیں۔
1. تسلی کا زہر: “کھٹے انگور اور میٹھے لیموں”
(Rationalization)
بچپن میں ہم نے لومڑی اور انگور کی کہانی سنی کہ جب وہ انگور تک نہ پہنچ سکی تو کہہ دیا “انگور کھٹے ہیں۔” نفسیات میں اسے Sour Grapes کہتے ہیں۔ لیکن یہ صرف ایک کہانی نہیں، یہ ہمارے معاشرتی رویوں کا ایک پورا فلسفہ ہے۔
جب ہم کسی چیز کو حاصل کرنے میں ناکام ہوتے ہیں، تو ہمارا دماغ اپنی ناکامی کے زخم پر مرہم رکھنے کے لیے اس مقصد کی ہی تضحیک شروع کر دیتا ہے جیسے:
پسند کا رشتہ نہ ہونے پر: “اچھا ہوا جان چھوٹی، وہ لوگ بہت دنیا دار اور مغرور تھے، ہماری خاندانی اقدار ان سے میل نہیں کھاتی تھیں۔” (حالانکہ دل جانتا ہے کہ کمی ہم میں تھی)۔
نوکری نہ ملنے پر: “وہاں کام کا ماحول زہریلا تھا، میری تخلیقی صلاحیتیں وہاں دم توڑ دیتیں۔”
ویزا ریجیکٹ ہونے پر: “یورپ میں اخلاقیات کا جنازہ نکل چکا ہے، جو سکون اپنی مٹی میں ہے وہ وہاں کہاں؟”
یہ جملے حقیقت نہیں، یہ ہماری “مجروح انا” کی چیخیں ہیں۔
لیکن اس سے بھی زیادہ خطرناک رویہ وہ ہے جسے نفسیات میں Sweet Lemons (میٹھے لیموں) کہا جاتا ہے۔ یعنی جب ہمارے پاس کوئی مصیبت، مجبوری یا کمزوری ہو جسے ہم بدلنے کی سکت یا ارادہ نہ رکھتے ہوں، تو ہم زبردستی اسے “نعمت”، “تقدس” یا “اخلاقی برتری” کا نام دے دیتے ہیں۔
اور یہی ہمارے معاشرے ایک اہم المیہ ہے.
ہم نے اپنی اجتماعی کمزوریوں کو “روحانیت” کا لبادہ پہنا دیا ہے:
اگر ہم معاشی منصوبہ بندی میں ناکام ہیں، تو ہم کہیں گے: “دولت تو فساد کی جڑ ہے، اصل سکون تو غربت اور سادگی میں ہے۔”
اگر ہم نظام کی خرابی کو درست نہیں کر سکتے، تو کہیں گے: “یہ سب آزمائش ہے، دنیا تو ہے ہی قید خانہ۔”
یہ صبر نہیں ہے، یہ “نفسیاتی فرار” ہے۔ ہم لیموں کی کڑواہٹ دور کرنے یا چینی تلاش کرنے کے بجائے خود کو یقین دلاتے ہیں کہ لیموں تو ہوتا ہی میٹھا ہے۔ یہ سوچ قوموں کو جدوجہد سے مفلوج کر دیتی ہے۔
2. انا کی فرضی دیوار: “میں” کا بھرم
(Protecting the Ego)
انسان کا دوسرا بڑا اور مہلک مسئلہ اس کی “انا” اور (Self-Esteem) کی حفاظت ہے۔ ہمارا دماغ ایک وکیل کی طرح ہے جو جج (دنیا) کے سامنے اپنے موکل (یعنی آپ) کو ہر حال میں بے قصور ثابت کرنا چاہتا ہے۔
ذرا غور کیجیے گا! ہمارے کلچر میں کامیابی اور ناکامی کی ملکیت کیسے تبدیل ہوتی ہے:
کامیابی کے وقت: اگر ہم جیت جائیں تو یہ صرف ہماری ذہانت، ہماری محنت اور ہماری اسٹریٹجی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ (Internal Locus of Control).
ناکامی کے وقت: اچانک ذمہ داری باہر شفٹ ہو جاتی ہے۔ “نظام خراب تھا”، “سیاستدان چور ہیں”، “استاد نے پڑھایا نہیں”، یا سب سے آسان پاکستانی حل—”کسی کی نظر لگ گئی” یا “جادو ہو گیا”۔
یہ تضادہمیں “خود احتسابی” (Self-Reflection) سے روکتی ہے۔ جب قصور وار قسمت یا ستارے ہیں، تو میں خود کو کیوں بدلوں؟
اس سے منسلک ایک اور رویہ Self-Handicapping ہے۔
مثلاً جب ہم اکثر مقابلے سے پہلے ہی ہار مان لیتے ہیں یا تیاری نہیں کرتے۔ طالب علم کہتا ہے: “میری تیاری نہیں، میں تو فیل ہوں گا۔”
یہ بظاہر مایوسی ہے، لیکن درحقیقت یہ انا کا دفاع ہے۔
اگر فیل ہوگئے تو کہیں گے “میں نے تو پہلے ہی کہا تھا”، اور اگر پاس ہوگئے تو کہیں گے “دیکھا! بغیر پڑھے کمال کر دیا۔”
یہ رویہ ہمیں کبھی اپنی پوری صلاحیت (Full Potential) تک پہنچنے ہی نہیں دیتا کیونکہ ہم اپنی ہی ذات کے خوف میں مبتلا ہیں۔
3. جھوٹا حوصلہ: اندھی امید کی افیون
(The Curse of Blind Optimism)
تیسرا حربہ ہمارے “مورال” یا حوصلے کو قائم رکھنے کی مصنوعی کوشش ہے۔ ہمارے جذباتی معاشرے میں، ٹھنڈی منطق پر ہمیشہ “گرم جوش جذبے” کو ترجیح دی جاتی ہے۔
کاروبار ہو یا جنگ، ہمیں لگتا ہے کہ اگر ہم نے “پلان بی” (Plan B) کے بارے میں سوچا، تو یہ ہماری کمزوری یا توکل کی کمی ہوگی۔
یہ ایک “سپاہی کا دماغ” ہے جو سمجھتا ہے کہ اگر اس نے اپنی موت کا سوچا تو وہ لڑ نہیں پائے گا۔
لیکن زندگی جنگ کا میدان نہیں، یہ شطرنج کی بساط ہے۔ یہاں صرف جذبہ نہیں، چال (Strategy) بھی چاہیے۔
ہمارے ہاں لوگ بغیر مارکیٹ ریسرچ کے کاروبار شروع کرتے ہیں اور کہتے ہیں: “اللہ مالک ہے، نیت صاف ہو تو منزل آسان۔”
بیشک اللہ مالک ہے، لیکن اسی رب نے اونٹ کا گھٹنا باندھنے (تدبیر کرنے) کا بھی حکم دیا ہے جبکہ دوسری طرف ہمارے اداروں میں میٹنگز میں تنقید کرنے والے کو “منفی سوچ کا حامل” کہہ کر خاموش کرا دیا جاتا ہے۔
یہ اندھی امید (Irrational Optimism) ہمیں شروعات کرنے کا جوش تو دیتی ہے، لیکن یہ ہمیں وہ کھائی نہیں دیکھنے دیتی جس میں گر کر ہماری ہڈیاں ٹوٹنے والی ہیں۔
حقیقت کا آئینہ اور دانش مندی کا راستہ
(The Path of Wisdom)
یہ وہ حصہ ہے جہاں ہمیں رک کر گہری سانس لینے کی ضرورت ہے۔
تسلی کے جھوٹ، انا کی دیواریں اور اندھی امید ہمیں رات کو سکون کی نیند تو سلا سکتی ہیں، لیکن ان کی قیمت ہمیں اپنی “بقا اور ترقی” کی صورت میں چکانی پڑتی ہے۔ جب ہم خود کو یہ کہانیاں سناتے ہیں، تو ہم دنیا کا درست نقشہ (Map of Reality) اپنے ذہن سے مٹا دیتے ہیں۔
تو پھر حل کیا ہے؟ دانش مندی کس بلا کا نام ہے؟
اصل دانش مندی، اور وہ راز جو عظیم لوگ پا لیتے ہیں، وہ ہے اپنے دماغ کے “سپاہی” کو ریٹائر کرنا اور ایک “اسکاؤٹ” (Scout) کا ذہن اپنانا۔
1. “اسٹاک ڈیل پیراڈاکس”کو سمجھیں
(The Stockdale Paradox)
ویتنام جنگ میں قید امریکی نیول آفیسر جیمز اسٹاک ڈیل سے جب پوچھا گیا کہ قید خانے میں کون لوگ جلدی مر جاتے تھے؟ تو اس نے کہا:
“وہ جو بہت پرامید (Optimist) تھے۔”
وہ کہتے تھے کرسمس تک رہا ہو جائیں گے، کرسمس آتی اور گزر جاتی، پھر کہتے ایسٹر تک رہا ہوں گے آخرکار وہ دل ٹوٹنے سے مر جاتے۔
اسٹاک ڈیل نے زندہ رہنے کا راز یہ بتایا:
“آپ کو یہ یقین رکھنا چاہیے کہ آپ آخرکار جیت جائیں گے (امید)، لیکن اس کے ساتھ ساتھ آج کی تلخ ترین حقیقت کا سامنا کرنے کی ہمت بھی ہونی چاہیے (حقیقت پسندی)۔”
ہمارے معاشرے میں امید تو ہے لیکن تلخ حقیقت کو دیکھنے کی آنکھ نہیں۔ دانش مند انسان بدترین حالات کے لیے تیار رہتا ہے جبکہ بہترین کی امید رکھتا ہے۔
2. سچائی بطور ہتھیار نہیں، بطور نقشہ:
اپنی سوچ بدلیں۔ سچائی کا مقصد آپ کو سکون دینا نہیں، بلکہ راستہ دکھانا ہے۔ جب کوئی آپ پر تنقید کرے یا آپ کو آپ کی غلطی بتائے، تو درد محسوس کرنے کے بجائے تجسس (Curiosity) محسوس کریں۔
سوال کریں: “کیا اس کی بات میں سچائی ہے؟”
کبوتر کی طرح آنکھ بند کرنے کے بجائے، عقاب کی طرح حالات کا جائزہ لیں۔
3. تکلیف کو استاد مانیں:
نفسیاتی بلوغت (Psychological Maturity) اس دن آتی ہے جب آپ مان لیتے ہیں کہ “درد ہی دوا ہے۔”
جب آپ اپنی غلطی مانتے ہیں، اپنی انا کو توڑتے ہیں، تو تکلیف ہوتی ہے۔ لیکن یہ وہ “سرجیکل تکلیف” ہے جو کینسر کو نکالنے کے لیے ضروری ہے۔ اپنی ناکامیوں کی توجیہات پیش کرنا بند کریں اور بے رحمی سے اپنا احتساب کریں۔
بہتری تب نہیں آتی جب ہم جلتے ہوئے گھر میں بیٹھ کر “سب اچھا ہے” کی مالا جپتے رہیں۔ بہتری تب آتی ہے جب ہم آگ کو آگ تسلیم کرتے ہیں۔
زندگی ان کی نہیں بدلتی جو خواب دیکھتے ہیں، زندگی ان کی بدلتی ہے جو جاگتی آنکھوں سے حقیقت کا سامنا کرنے کی جرات رکھتے ہیں۔
اپنے اندر کے کبوتر کو اڑا دیجیے، اور حقیقت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنا سیکھیے۔
کیونکہ خود فریبی کا سکون عارضی ہے، لیکن حقیقت کا سامنا ہی اصل فتح ہے۔
