گمشدہ گھڑی

گمشدہ گھڑی

ایک دن ایک کسان کو معلوم ہوا کہ اس کی کلائی کی گھڑی اناج کے گودام میں کہیں گم ہو گئی ہے۔ یہ کوئی عام گھڑی نہیں تھی بلکہ اس کے ساتھ اس کی بہت سی یادیں وابستہ تھیں۔ اسی لیے وہ اسے کھونے پر بہت پریشان ہوا اور فوراً اسے تلاش کرنے میں لگ گیا۔

اس نے کبھی بھوسے کے ڈھیر الٹائے، کبھی اناج کی بوریوں میں ہاتھ مار کر دیکھا اور کبھی گودام کے ایک ایک کونے میں جھانکا، مگر گھڑی کہیں دکھائی نہ دی۔

کافی دیر تک تلاش کرنے کے بعد جب وہ تھک ہار گیا تو اس کی نظر قریب ہی کھیلتے ہوئے چند لڑکوں پر پڑی۔ اس نے انہیں آواز دے کر اپنے پاس بلایا اور کہا:

“بچو! میری ایک قیمتی گھڑی اس گودام میں کہیں گم ہو گئی ہے۔ جو بھی اسے تلاش کر کے لائے گا، اسے میں انعام دوں گا۔”

انعام کا سن کر تمام لڑکے فوراً گودام میں داخل ہو گئے اور جوش و خروش سے تلاش شروع کر دی۔ کوئی بھوسے کے ڈھیر الٹنے لگا، کوئی اناج کی بوریوں میں ہاتھ ڈالنے لگا اور کوئی گودام کا کونا کونا چھاننے لگا۔

لیکن وقت گزرتا گیا اور کسی کے ہاتھ گھڑی نہ آئی۔

آخرکار جب سب مایوس ہونے لگے اور کسان نے تلاش ختم کرنے کا ارادہ کر لیا تو ایک چھوٹا لڑکا آگے بڑھا اور بولا:

“چچا! کیا مجھے ایک آخری کوشش کرنے کی اجازت مل سکتی ہے؟ مجھے لگتا ہے کہ میں گھڑی تلاش کر لوں گا۔”

کسان نے حیرت سے اسے دیکھا اور کہا:

“ضرور بیٹا! تم بھی کوشش کر لو۔ شاید قسمت تمہارا ساتھ دے دے!”

لڑکا گودام میں داخل ہوا، لیکن دوسروں کی طرح بھوسے کے ڈھیر الٹنے یا بوریوں میں ہاتھ مارنے کے بجائے ایک چھوٹے سے اسٹول پر جا بیٹھا۔ اس نے آنکھیں بند کر لیں اور مکمل خاموشی اختیار کر لی۔

چند لمحے گزرے تو وہ اٹھا، گودام کے ایک خاص کونے کی طرف بڑھا اور وہاں پڑے بھوسے کو آہستگی سے ہٹانے لگا۔ نیچے وہی گھڑی پڑی تھی جسے سب ڈھونڈ ڈھونڈ کر تھک چکے تھے!

لڑکے نے گھڑی اٹھائی اور خوشی سے دوڑتا ہوا کسان کے پاس پہنچا۔

“چچا! مجھے گھڑی مل گئی!”

کسان کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں۔ اس نے خوشی خوشی گھڑی اپنے ہاتھ میں لی اور لڑکے سے پوچھا:

“بیٹا! مجھے یہ تو بتاؤ کہ جب اتنے سارے لوگ اسے تلاش نہیں کر سکے تو تم نے اسے کیسے ڈھونڈ لیا؟”

لڑکا مسکرایا اور بولا:

“چچا! میں نے کوئی خاص کام نہیں کیا۔ بس خاموشی سے بیٹھ کر غور سے سنتا رہا، یہاں تک کہ مجھے گھڑی کی ٹک ٹک سنائی دینے لگی۔ پھر میں اس آواز کا پیچھا کرتا ہوا اس جگہ پہنچ گیا جہاں گھڑی پڑی تھی۔”

کسان کچھ دیر خاموش رہا۔ اسے احساس ہوا کہ جس چیز کو بے چینی، بھاگ دوڑ اور شور و ہنگامہ تلاش نہیں کر سکا، اسے چند لمحوں کی خاموشی نے ڈھونڈ نکالا تھا۔

سبق: بعض اوقات مسائل کا حل شور و بھاگ دوڑ میں نہیں بلکہ خاموشی، صبر اور غور و فکر میں چھپا ہوتا ہے۔

Leave a Reply

NZ's Corner