ایک نیک شخص کے گھر کی دیوار اچانک گر گئی۔ وہ اسے دوبارہ تعمیر کروانے کے لیے کسی مزدور کی تلاش میں نکلا اور ایک چوراہے پر جا پہنچا، جہاں کئی مزدور کام کے انتظار میں بیٹھے تھے۔ ان سب میں ایک نوجوان الگ تھلگ کھڑا تھا۔ اس کے ایک ہاتھ میں تھیلا اور دوسرے میں تیشہ تھا۔
اس شخص نے نوجوان سے پوچھا:
’’کیا تم مزدوری کرو گے؟‘‘
نوجوان نے جواب دیا: ’’ہاں!‘‘
اس شخص نے کہا: ’’گارے کا کام کرنا ہوگا۔‘‘
نوجوان بولا: ’’ٹھیک ہے، لیکن میری تین شرطیں ہیں۔ اگر منظور ہوں تو کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔ پہلی یہ کہ میری مزدوری پوری ادا کی جائے گی۔ دوسری یہ کہ مجھ سے میری طاقت اور صحت کے مطابق کام لیا جائے گا۔ تیسری یہ کہ نماز کے وقت مجھے نماز ادا کرنے سے نہیں روکا جائے گا۔‘‘
اس شخص نے تینوں شرطیں منظور کر لیں اور نوجوان کو اپنے ساتھ گھر لے آیا۔ کام سمجھانے کے بعد وہ کسی ضروری کام سے باہر چلا گیا۔ شام کو واپس آیا تو دیکھا کہ نوجوان نے عام مزدوروں سے دوگنا کام کیا تھا۔ اس نے خوشی سے اس کی پوری اجرت ادا کی اور نوجوان اپنے راستے چلا گیا۔
اگلے دن وہ شخص دوبارہ اسی چوراہے پر گیا، مگر نوجوان وہاں موجود نہیں تھا۔ دوسرے مزدوروں سے اس کے بارے میں پوچھا تو معلوم ہوا کہ وہ ہفتے میں صرف ایک دن مزدوری کرتا ہے۔
یہ سن کر اسے حیرت ہوئی۔ اس نے نوجوان کا پتا معلوم کیا اور اس کی تلاش میں نکل پڑا۔ جب اس کے ٹھکانے پر پہنچا تو دیکھا کہ وہ زمین پر لیٹا ہوا ہے اور اسے سخت بخار ہے۔
اس شخص نے ہمدردی سے کہا:
’’میرے بھائی! تم یہاں اجنبی ہو، تنہا ہو اور بیمار بھی۔ اگر مناسب سمجھو تو میرے ساتھ میرے گھر چلو اور مجھے تمہاری خدمت کا موقع دو۔‘‘
نوجوان نے پہلے انکار کیا، مگر مسلسل اصرار پر راضی ہو گیا۔ البتہ اس نے ایک شرط رکھی کہ وہ اس شخص سے کھانے پینے کی کوئی چیز قبول نہیں کرے گا۔ اس شخص نے یہ شرط بھی منظور کر لی اور اسے اپنے گھر لے آیا۔
نوجوان تین دن اس کے گھر رہا، مگر اس دوران نہ کسی چیز کا مطالبہ کیا اور نہ ہی کچھ کھایا۔ چوتھے روز بخار کی شدت بڑھ گئی تو اس نے میزبان کو اپنے پاس بلایا اور کہا:
’’میرے بھائی! لگتا ہے میرا آخری وقت قریب آ گیا ہے۔ میری ایک وصیت ہے، اسے ضرور پورا کرنا۔ جب میں مر جاؤں تو میرے گلے میں رسی ڈال کر مجھے گھسیٹتے ہوئے گھر سے باہر لے جانا اور اپنے گھر کے اردگرد چکر لگاتے ہوئے لوگوں سے کہنا کہ دیکھو، نافرمانی کرنے والوں کا انجام کیسا ہوتا ہے۔ شاید اس طرح میرا رب مجھے معاف فرما دے۔
’’جب تم مجھے غسل دے چکو تو انہی کپڑوں میں دفن کر دینا۔ اس کے بعد بغداد جا کر خلیفہ ہارون الرشید سے ملنا۔ انہیں میرا قرآن مجید اور انگوٹھی دینا اور یہ پیغام بھی پہنچانا:
’اللہ سے ڈرو! کہیں ایسا نہ ہو کہ غفلت کی حالت میں موت آ جائے اور پھر پچھتانے کا موقع بھی نہ ملے۔‘‘‘
یہ وصیت کرنے کے کچھ ہی دیر بعد نوجوان انتقال کر گیا۔
اس کی وفات پر میزبان دیر تک آنسو بہاتا رہا۔ پھر اس کی وصیت پوری کرنے کے لیے رسی اٹھائی ہی تھی کہ کمرے کے ایک کونے سے آواز آئی:
’’اس کے گلے میں رسی مت ڈالنا! کیا اللہ کے نیک بندوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے؟‘‘
یہ آواز سن کر اس کے بدن پر کپکپی طاری ہو گئی۔ اس نے نوجوان کے قدم چومے اور اس کے کفن و دفن کا انتظام کرنے لگا۔
تدفین سے فارغ ہونے کے بعد وہ نوجوان کا قرآن مجید اور انگوٹھی لے کر خلیفہ ہارون الرشید کے محل پہنچا۔ وہاں اس نے نوجوان کا پورا واقعہ ایک رقعے پر لکھا اور محل کے داروغہ کو خلیفہ تک پہنچانے کی درخواست کی۔ داروغہ نے اسے اندر جانے کی اجازت دینے کے بجائے اپنے پاس بٹھا لیا۔
بالآخر خلیفہ نے اسے دربار میں طلب کیا اور پوچھا:
’’کیا میں اتنا ظالم ہوں کہ تمہیں مجھ سے براہِ راست بات کرنے کے بجائے رقعے کا سہارا لینا پڑا؟‘‘
اس شخص نے عرض کیا:
’’اللہ آپ کا اقبال بلند کرے! میں کسی ظلم کی فریاد لے کر نہیں آیا، بلکہ ایک پیغام پہنچانے حاضر ہوا ہوں۔‘‘
خلیفہ نے پیغام کے بارے میں پوچھا تو اس شخص نے قرآن مجید اور انگوٹھی ان کے سامنے رکھ دی۔
ان چیزوں کو دیکھتے ہی خلیفہ نے حیرت سے پوچھا:
’’یہ تمہیں کس نے دی ہیں؟‘‘
اس شخص نے جواب دیا:
’’ایک گارا بنانے والے مزدور نے۔‘‘
خلیفہ نے یہ الفاظ تین مرتبہ دہرائے:
’’گارا بنانے والا… گارا بنانے والا… گارا بنانے والا!‘‘
یہ کہتے ہی ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔
کچھ دیر رونے کے بعد پوچھا:
’’وہ مزدور اب کہاں ہے؟‘‘
اس شخص نے جواب دیا:
’’وہ وفات پا چکا ہے۔‘‘
یہ سنتے ہی خلیفہ بے ہوش ہو کر گر پڑے اور کافی دیر تک بے ہوش رہے۔ ہوش آنے پر پوچھا:
’’کیا تم اس کی وفات کے وقت اس کے پاس موجود تھے؟‘‘
اس شخص نے اثبات میں سر ہلایا تو خلیفہ نے پوچھا:
’’کیا اس نے تمہیں کوئی وصیت بھی کی تھی؟‘‘
اس شخص نے نوجوان کی وصیت اور خلیفہ کے لیے چھوڑا گیا پیغام بھی سنا دیا۔
یہ سب سن کر خلیفہ مزید غمگین ہو گئے اور روتے ہوئے کہنے لگے:
’’اے مجھے نصیحت کرنے والے! اے میرے زاہد و پارسا! اے میرے شفیق!‘‘
وہ نوجوان کے لیے اسی طرح کے کئی القابات دہراتے رہے اور مسلسل آنسو بہاتے رہے۔
یہ منظر دیکھ کر میزبان کی حیرت مزید بڑھ گئی۔ وہ سوچنے لگا کہ آخر ایک عام مزدور کے لیے خلیفہ اس قدر غمگین کیوں ہیں؟
رات ہوئی تو خلیفہ نے اس شخص سے نوجوان کی قبر پر لے جانے کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں قبرستان کی طرف روانہ ہوئے۔ خلیفہ نے اپنی چادر سے چہرہ ڈھانپ رکھا تھا اور خاموشی سے اس کے پیچھے چل رہے تھے۔
قبرستان پہنچ کر اس شخص نے ایک قبر کی طرف اشارہ کیا اور کہا:
’’عالی جاہ! یہ اس نوجوان کی قبر ہے۔‘‘
خلیفہ قبر سے لپٹ کر زار و قطار رونے لگے۔ کچھ دیر بعد سرہانے کھڑے ہوئے اور بولے:
’’یہ نوجوان میرا بیٹا تھا، میری آنکھوں کی ٹھنڈک اور میرے جگر کا ٹکڑا۔ ایک دن یہ رقص و سرور کی محفل میں مشغول تھا کہ اس نے قریب ہی کسی بچے کو ایک ایسی نصیحت آموز بات پڑھتے سنا جس نے اس کے دل پر گہرا اثر کیا۔ وہ اللہ کے خوف سے کانپ اٹھا، اس کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے اور وہ بار بار پکارنے لگا: ’کیوں نہیں؟ کیوں نہیں؟‘
’’یہ کہتے ہوئے وہ محل سے نکل گیا۔ اس دن کے بعد ہمیں اس کی کوئی خبر نہ ملی، یہاں تک کہ آج تم نے اس کی وفات کی اطلاع دی۔


