جنگل میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب بھیڑیوں کو شکار کے لیے دوڑنا نہیں پڑتا تھا، نہ پنجے آزمانے کی ضرورت تھی اور نہ ہی رات کے اندھیرے میں گھات لگانے کی۔ جنگل کے جانور خود ان کے سامنے پیش کیے جاتے تھے۔ بس فرق اتنا تھا کہ بھیڑیوں نے اپنے پنجے چھپا لیے تھے اور شکار کے لیے ایک نیا طریقہ اختیار کر لیا تھا۔
یہ طریقہ انہیں ان کے بوڑھے سردار نے سکھایا تھا۔
ایک روز اس نے اپنے بیٹوں اور قبیلے کے نوجوان بھیڑیوں کو جمع کیا اور انہیں جنگل کے پرانے قانون سمجھانے کے بجائے ایک نئی حکمت عملی سے روشناس کرایا۔
اس نے کہا، ’’فرض کرو جنگل میں دس جانور موجود ہیں اور تمہیں ان کا شکار کرنا ہے۔ اگر تم سب کے سامنے اپنے دانت نکال کر ان پر حملہ کرو گے تو شاید دو کو پکڑ سکو، باقی آٹھ بھاگ جائیں گے۔ ان میں سے کچھ جھاڑیوں میں چھپ جائیں گے اور کچھ جنگل کے دوسرے حصوں میں جا بسیں گے۔ یوں تمہارے ہاتھ صرف دو شکار آئیں گے، مگر اگر تم اپنی طاقت کسی دوسرے کے نام سے استعمال کرو، کسی معصوم اور سیدھے سادے جانور کو آگے کر دو اور خود پردے کے پیچھے رہ کر معاملات چلاؤ تو ممکن ہے دس کے دس شکار تمہارے حصے میں آ جائیں۔‘‘
نوجوان بھیڑیوں کو یہ بات بہت پسند آئی۔ انہیں پہلی مرتبہ معلوم ہوا کہ شکار صرف طاقت سے نہیں، ذہانت اور پردہ داری سے بھی کیا جا سکتا ہے۔
چنانچہ انہوں نے ایک دن جنگل میں اعلان کروا دیا کہ اب جنگل کو ایک نئے بادشاہ کی ضرورت ہے۔ ایسا بادشاہ جو نرم دل ہو، رعایا کا خیرخواہ ہو، کسی پر ظلم نہ کرے اور سب جانوروں کو ساتھ لے کر چلے۔
بہت تلاش کے بعد ایک شریف، سادہ لوح اور بے ضرر خرگوش کو تخت پر بٹھا دیا گیا۔ اس کی طبیعت میں رحم دلی تھی، وہ سب کی بات سنتا اور کسی کو تکلیف پہنچانے سے گھبراتا تھا۔ جنگل کے جانوروں نے سمجھا کہ شاید اب ان کے دن بدل جائیں گے۔
لیکن انہیں کیا خبر تھی کہ تخت پر بیٹھنے والا بادشاہ تو صرف چہرہ تھا، اصل سلطنت کی باگ ڈور ابھی بھیڑیوں کے پنجوں میں تھی۔
بادشاہ کے پیچھے بھیڑیوں کی ایک مجلس قائم تھی۔ جنگل کے اہم فیصلے وہیں ہوتے، قانون وہیں بنتے اور کسی جانور کی قسمت کا فیصلہ بھی وہیں لکھا جاتا۔ بادشاہ کے سامنے صرف کاغذ رکھ دیے جاتے، جن پر وہ شاہی مہر ثبت کر دیتا۔ یوں ہر ظلم شاہی حکم بن جاتا اور ہر شکار ریاستی ضرورت قرار پاتا۔
بھیڑیوں نے اپنے لیے شکار کا ایک باقاعدہ نظام بنا لیا تھا۔ کبھی کسی جانور پر جنگل کے امن کو خراب کرنے کا الزام لگتا، کبھی کسی کو ریاست کا مخالف قرار دیا جاتا، اور کبھی کسی کی وفاداری پر سوال اٹھا دیا جاتا۔ الزام کی نوعیت کچھ بھی ہوتی، انجام اکثر ایک ہی نکلتا۔ اسے پکڑ لیا جاتا، اس کے خلاف جنگل کے قانون کی کتاب کھولی جاتی، چند رسمی کارروائیاں ہوتیں اور پھر اسے بھیڑیوں کی بھوک کے حوالے کر دیا جاتا۔
جنگل کے جانور خوف زدہ رہنے لگے۔ انہیں معلوم تھا کہ کسی بھی دن ان کا نام بھی کسی فہرست میں آ سکتا ہے۔ مگر حیرت انگیز بات یہ تھی کہ بھیڑیے خود کبھی سامنے نہیں آتے تھے۔ ان کے بجائے بادشاہ کے فرمان جاری ہوتے، شاہی محافظ کارروائیاں کرتے اور شاہی دربار ان فیصلوں کا دفاع کرتا۔
ادھر بھیڑیوں نے اپنی ایک اور سلطنت بھی قائم کر رکھی تھی؛ یہ سلطنت کتابوں، قصوں اور یادگاروں کی تھی۔
جنگل کے بچوں کے لیے جو نصابی کتابیں تیار کی جاتیں، ان میں ہر چند صفحات کے بعد کسی نہ کسی بہادر بھیڑیے کا ذکر ضرور ملتا۔ کہیں کوئی بھیڑیا تنہا دشمنوں کے لشکر پر ٹوٹ پڑا تھا، کہیں اس نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر جنگل کو بچایا تھا، کہیں اس کی بہادری کے قصے نسل در نسل منتقل ہو رہے تھے۔ ان قصوں میں بھیڑیے ہمیشہ بہادر، دانا، محب وطن اور جنگل کے سب سے بڑے محافظ دکھائی دیتے۔ ان کے ناموں پر تقریبات ہوتیں، ان کی تصویریں آویزاں کی جاتیں اور ان کے کارناموں کے اشتہارات جنگل کے ہر کونے میں لگائے جاتے۔ بچوں کو انہی قصوں کے ساتھ پروان چڑھایا جاتا، تاکہ وہ بڑے ہو کر بھیڑیوں کو اپنا محسن سمجھیں اور ان کے کردار پر سوال اٹھانے سے پہلے ہی ان کی عظمت کے قصے یاد کر لیں۔
وقت گزرتا گیا۔ نئی نسل نے کتابوں میں جو پڑھا، اسی کو حقیقت سمجھ لیا۔ ان کے نزدیک جنگل کی بقا بھیڑیوں کی بہادری سے وابستہ تھی، حالاں کہ جنگل کے خزانے، وسائل اور جانوروں کی زندگیاں خاموشی سے انہی کے قبضے میں جا رہی تھیں۔
رعایا کبھی کبھار اپنے بادشاہ کے خلاف غصے کا اظہار کرتی۔ جنگل کے چوراہوں پر اس کے خلاف آوازیں بلند ہوتیں، جانور اس کے فیصلوں پر تنقید کرتے اور اسے اپنی بدحالی کا ذمہ دار ٹھہراتے تو بھیڑیا بادشاہ وقت کو کسی اور جانور سے بدل دیتے ہوتے تھے۔
مگر جانوارو کو یہ معلوم نہ تھا کہ جس بادشاہ کو وہ اپنی تمام محرومیوں کا سبب سمجھ رہے ہیں، وہ خود بھی ان فیصلوں کا مالک نہیں تھا۔ اس کے پاس تاج ضرور تھا، مگر اختیار نہیں؛ اس کے پاس تخت ضرور تھا، مگر حکومت نہیں۔
بھیڑیے اس صورت حال سے خوب لطف اندوز ہوتے۔ رعایا اپنا غصہ بادشاہ پر نکالتی، بادشاہ اکیلے میں اپنی بے بسی کا رونا روتا اور اصل حکمران پردے کے پیچھے بیٹھ کر اگلے شکار کی تیاری کرتے رہتے۔
حاصل سبق:
جب اصل اختیار پردے کے پیچھے چھپا ہو اور سامنے بیٹھا حکمران محض ایک چہرہ بن جائے تو رعایا کے لیے یہ پہچاننا مشکل ہو جاتا ہے کہ اس کے فیصلے کون کر رہا ہے اور اس کی تقدیر کس کے ہاتھ میں ہے۔ ایسی سلطنتوں میں تخت بدلتے رہتے ہیں، چہرے بدلتے رہتے ہیں، مگر اقتدار کے اصل مراکز اپنی جگہ قائم رہتے ہیں۔ اور جب تک ان کی حقیقت سامنے نہ آئے، جنگل کے جانور اپنے ہی بادشاہ سے لڑتے رہتے ہیں، جبکہ شکار کرنے والے پردے کے پیچھے بیٹھے اپنی بھوک مٹاتے رہتے ہیں۔


