تمام سکے ضرورت مندوں میں بانٹنے کے بعد بہلول کے پاس ایک ہی سونے کا سکہ بچا۔ وہ اسے کسی بازی گر کی طرح ہاتھوں میں اچھالتا ہوا چلا جا رہا تھا کہ ایک نوسرباز کی نگاہ میں آ گیا۔ نوسرباز نے سونے کے سکے کو تاڑ لیا اور بہلول کو دیوانہ سمجھ کر اس نے ایک چال چلی کہ کسی طرح سونے کا سکہ اس سے ہتھیا لے۔ وہ اس کے قریب آیا اور بہت میٹھے لہجے میں بولا “میرے بھائی ذرا رکنا”۔۔۔
بہلول رک گیا اور اس نے سونے کا سکہ مٹھی میں دبا لیا اور اس کی طرف متوجہ ہوا۔۔۔ “ہاں کہو”۔۔۔؟
“تم یہ سکہ اتنی مہارت سے اچھال رہے ہو کہ میں حیران رہ گیا۔ میں نے سوچا کہ تمہیں ٹھہر کر اس کی داد دوں”۔۔۔ وہ بڑی گرمجوشی سے کہنے لگا۔
“تمہاری مہربانی”۔۔۔ !! تم نے اس دیوانے پر اتنا کرم کیا، بہلول نے جواب دیا۔
“میں سوچ رہا ہوں کہ اگر تمہارے پاس دس سکے ہوں۔۔۔ تو تم اس سے زیادہ اچھے انداز میں یہ کھیل کھیل سکتے ہو”۔۔۔ وہ بولا۔۔۔
“مجھ فقیر کے پاس دس سکے کہاں ہو سکتے ہیں”۔۔۔ بہلول نے کہا۔۔۔
“یہ تو کوئی بات ہی نہیں۔۔۔ دس سکے تو تمہیں میں بھی دے سکتا ہوں۔۔۔ تم مجھے یہ سکہ دے دو۔۔۔ میں تمہیں اس کے بدلے میں دس سکے دے دوں گا”۔۔۔ اس نے جیب سے دس سکے نکال کر اپنی ہتھیلی پر رکھ لئے۔۔۔
“ارے واہ۔۔۔ ! یہ تو واقعی دس سکے ہیں”۔۔۔ بہلول نے خوش ہو کر کہا۔۔۔
“میں تمہیں اپنا سکہ ان دس سکوں کے بدلے میں ضرور دے دوں گا۔ مگر ایک شرط ہو گی”۔۔۔
“شرط۔۔۔؟ مگر وہ کیا۔۔۔؟ نوسرباز نے استفسار کیا۔۔۔
“تم مجھے ذرا گدھے کی طرح ڈھینچوں ڈھینچوں کر کے دکھاؤ”۔۔۔
“اچھا۔۔۔ عجیب شرط ہے تمہاری”۔۔۔ نوسرباز نے ادھر ادھر دیکھتے ہوئے کہا۔۔۔ کہ کہیں کوئی قریب میں کوئی دیکھ نہیں۔۔۔
“اس شرط کو پوری کئے بغیر تم یہ سکہ حاصل نہیں کر سکتے”۔۔۔ بہلول نے سکہ اسے دکھایا۔
نوسرباز یہ اطمینان کر چکا تھا کہ اردگرد کوئی نہیں۔۔۔ اس لئے ایک دیوانے کے سامنے گدھے کی طرح رینگنے میں کوئی حرج نہیں۔ کچھ دیر ڈھینچوں ڈھینچوں کر کے اگر سونے کا سکہ مل سکتا تھا تو یہ سودا برا نہیں تھا۔
اس نے آؤ دیکھا نہ تاؤ۔۔۔ گدھے کی آوازیں نکالنے لگا۔۔۔ بہلول یہ ڈھینچوں ڈھینچوں سن کر ہنس پڑا۔۔۔ “واہ۔۔۔! واہ۔۔۔!! گدھے میں۔۔۔ تم نے میرے سونے کے سکے کو اتنی جلدی پہچان لیا۔ اور میں گدھا بھی نہیں تو تمہارا کیا خیال ہے کہ میں تانبے کے سکے نہیں پہچانتا”۔۔۔
نوسرباز اتنا شرمندہ ہوا کہ نو دو گیارہ ہو گیا۔۔۔ بہلول نے سر جھٹک کر کہا۔۔۔ “بھلے آدمی اگر تم نے یہ دھوکا بازی نہ ہوتی سکہ مانگ لیتے تو میں تمہیں یہ سکہ یونہی دے دیتا”۔۔۔


