قِسمت پُڑی

قِسمت پُڑی

کہتے ہیں کہ کسی جنگل میں کتوں کا بسیرا تھا۔ اس جنگل کے بیچوں بیچ ایک ڈیڑھ شیانہ شکاری آ بیٹھا۔ صبح سے لے کر شام تک جو ہاتھ آتا اس کی چیں بوٹی کرکے ساتھ لے جاتا، یوں دیکھتے ہی دیکھتے جنگل میں شکار کا کال پڑ گیا۔ کتوں پر مصیبت آ پڑی تھی بھوک نے موت اُگلنا شروع کردی تھی۔ جھُنڈ کی حالت دیکھ کر اَلفامیل سے رہا نہ گیا۔ وہ روزانہ رات کو جھنڈ کے ساتھ نکلتا اور جو شکاری نے پکڑا ہوتا سب کچھ ڈکار جاتا۔ کئی دنوں تک ایسا ہی چلتا رہا۔ شکاری بہت پریشان تھا کہ اس کا حل کیا نکالے..؟

اُس نے اَلفامیل کو پکڑا اور اسے الگ تھلگ کرکے ہڈی ڈالنا شروع کردی۔ پہلے پہل وہ ہچکچایا لیکن پھر اُسے عادت ہوگئی۔ اب جیسے ہی کتوں کا جھنڈ حملہ کرتا شکاری اُن پر الفامیل چھوڑ دیتا تھا۔ ہٹاکٹا الفامیل، کون اس کا سامنا کرے چنانچہ سب کتورے دُم دباکر بھاگ جاتے بدلے میں اسے تازہ ہڈی مل جاتی تھی۔ شکاری نے تھوڑے سے نقصان کے بدلے پورے جنگل پر قابو پالیا تھا گویا اِن کی جوتیاں انہیں کے سَر…!

سماجیات کی زبان میں ایسی حکمتِ عملی کو 𝑪𝒍𝒊𝒆𝒏𝒕𝒆𝒍𝒊𝒔𝒎 کہا جاتا ہے۔ اس سٹریٹیجی کے تحت سیاستدانوں نے عوام میں اپنے پالتو چھوڑ رکھے ہوتے ہیں۔ بااثر گھرانوں میں سے کسی کا بیٹا سفارش پر بھرتی کروادیا تو کسی کو پیسوں کی ہڈی ڈال دی چنانچہ یہ پالتو انشور کرتے ہیں کہ ووٹ صرف اسی سیاستدان کو ڈالا جائے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے عوام کو چاولوں کی پلیٹ، گھی کی بالٹیوں کا لالچ دیا جاتا اور جو نہ مانے وہاں دھونس دھمکی بدمعاشی یا وڈیرہ شاہی کام آتی ہے اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ نسل در نسل صرف چند چہرے اقتدار سے چمٹے رہتے ہیں

حکومت کہاں پیچھے رہ سکتی ہے…؟ وہ پالتو تو نہیں چھوڑتی تاہم حکمتِ عملی کا استعمال خوب جانتی ہے۔ غریب عوام کو ٹیکسوں کے نام پر لوٹ کر کچھ چُنیدہ لوگوں کو سبسڈی دے دی، عوام خوش اور حکمران بھی یعنی سانپ بھی مرگیا اور لاٹھی بھی نہیں ٹوٹی۔ انکم سپورٹ پروگرام ہو یا پیٹرول پر ٹارگٹڈ سبسڈی یہ سب لوٹ مار کی سٹریٹیجی ہی تو ہے گویا

ہمارے ہاتھ سے پیسہ ہتھیا کر قِسمت پُڑی تھمادی جاتی ہے، جس کا انعام نکل آیا وہ تَر گیا اور باقی سب وَڑ گئے

                                    

Leave a Reply

NZ's Corner