کہتے ہیں کہ ایک بچے نے کچھوا پال رکھا تھا۔ وہ سارا دن اسے کھلاتا پلاتا اور اس کے ساتھ کھیلتا رہتا تھا۔
سردیوں کی ایک یخ بستہ شام کو بچے نے اپنے کچھوے کے ساتھ کھیلنا چاہا، مگر کچھوا سردی سے بچنے اور خود کو گرم رکھنے کے لیے اپنے خول میں چھپا ہوا تھا۔
بچے نے کچھوے کو خول سے باہر نکالنے کی بہت کوشش کی، مگر بے سود۔ جھنجھلاہٹ میں اس نے ڈنڈا اٹھا کر کچھوے کی پٹائی بھی کر ڈالی، لیکن کوئی نتیجہ نہ نکلا۔ اس نے چیخ چیخ کر بھی اسے باہر آنے پر آمادہ کرنا چاہا، مگر کچھوا خوف زدہ ہو کر اپنے خول میں مزید دبکتا چلا گیا۔
اسی دوران بچے کا باپ کمرے میں داخل ہوا تو اس نے دیکھا کہ بچہ غصے سے تلملا رہا ہے۔
باپ نے پوچھا:
’’بیٹے! کیا بات ہے؟‘‘
بچے نے اپنا اور کچھوے کا سارا قصہ باپ کو سنا دیا۔
باپ نے مسکراتے ہوئے بچے کا ہاتھ تھاما اور کہا:
’’اسے چھوڑو، میرے ساتھ آؤ۔‘‘
باپ بچے کا ہاتھ پکڑ کر اسے آتش دان کے پاس لے گیا۔ آگ جلائی اور اس کے قریب بیٹھ کر بچے سے باتیں کرنے لگا۔
تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ کچھوا بھی حرارت حاصل کرنے کے لیے آہستہ آہستہ اپنے خول سے باہر نکلا اور ان کے قریب آ گیا۔
باپ نے مسکرا کر بچے کی طرف دیکھا، جو کچھوے کو اپنے پاس آتا دیکھ کر بے حد خوش ہو رہا تھا۔
انسان بھی کچھوے ہی کی طرح ہوتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ وہ اپنے خول سے باہر نکل کر آپ کے ساتھ کھلے دل سے ملیں تو انہیں اپنی محبت کی حرارت پہنچائیے، نہ کہ ڈنڈے کے زور پر یا اپنا حکم چلا کر انہیں ایسا کرنے پر مجبور کیجیے۔
پُرکشش اور سحر انگیز شخصیت کے حامل لوگوں کے پوشیدہ رازوں میں سے ایک راز یہ بھی ہے کہ وہ اپنی محبت کی حدت اور جذبات کی گرم جوشی سے لوگوں کے دل جیتتے ہیں۔ وہ دوسروں کی تعریف و تحسین کرتے ہیں، ان کی قدر کرتے ہیں اور یوں ان کے دلوں میں اپنے لیے محبت اور چاہت کے جذبات پیدا کرتے ہیں۔
پھر یہی محبت اور اعتماد انہیں لوگوں کے دلوں میں ایک خاص مقام عطا کرتا ہے۔
کیونکہ انسانی فطرت ہی کچھ ایسی ہے کہ کوئی شخص کسی کے دل میں زبردستی جگہ نہیں بنا سکتا۔ دلوں میں گھر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان خلوصِ نیت، جذبات کی گرم جوشی اور روح کی پاکیزگی کے ساتھ دوسروں سے پیش آئے۔
یاد رکھیے! لوگوں کو اپنے قریب لانے کے لیے رعب نہیں، محبت درکار ہوتی ہے۔ دلوں پر حکومت حکم چلانے سے نہیں، دل جیتنے سے کی جاتی ہے۔


