انتظار

انتظار

جنوری کی ایک سرد رات کو صبح کے ساڑھے تین بجے جب میں اپنے گھر کے قریبی اڈا پہ اترا تو پورے اڈہ پہ ویرانی تھی۔ہر طرف ہو کا عالم تھا۔مجھے ڈر لگ رہا تھا کیونکہ صبح سے پہلے کسی سواری کا ملنا نا ممکن تھا۔گھر کا وہاں سے کافی زیادہ فاصلہ تھا جو پیدل طے نہیں کیا جا سکتا تھا۔اور صبح تک اس سنسان اڈہ پہ رات گزارنی کسی آزمائش سے کم نہ تھا۔ایک ٹیکسی والے کا نمبر ملایا تو اس نے بھی صبح سے پہلے آنے سے معذرت کر لی۔اتنے میں سامنے سے ایک بزرگ آتے دکھائی دیے۔۔قریب آنے پہ انہوں نے بہت محبت سے سلام کیا اور پوچھا “بیٹا کہاں جانا ہے؟کیوں پریشان کھڑے ہو؟
میں نے اپنی بستی کا بتایا اور ساتھ یہ بھی بتایا کہ کوئی سواری نہیں مل رہی۔
وہ مسکراتے ہوئے بولے “بیٹا !!پریشان کیوں ہوتے ہو،آو سامنے میری مٹھائی کی دکان ہے،چلو وہاں بیٹھتے ہیں اور گپ شپ کرتے ہیں”
میں بھی کچھ ہچکچاہٹ کے ساتھ بزرگ کے ساتھ چل دیا۔بزرگ نے دکان پہ جاتے ہی فورا آگ جلائی،چائے کیلیے کیتلی چولھے پہ رکھ دی اور ساتھ ایک پلیٹ میں مجھے مٹھائی پیش کی۔دو کپ میں چائے ڈال کر خود بھی میرے ساتھ آ کے بیٹھ گئے۔پہلے تو میرے ذہن میں بہت سے عجیب خیالات آ رہے تھے۔لیکن جب میں نے بزرگ کو بڑی گہری سوچ میں دیکھا تو فورا ان کی طرف متوجہ ہوا۔
“بزرگو! خیریت تو ہے،آپ تو مجھ سے بھی زیادہ افسردہ لگ رہے ہیں؟”
وہ مسکراتے ہوئے بولے”نہیں بیٹا میں اداس نہیں ہوں اور نہ ہی پریشان ہوں،بس ایک خیال نے تھوڑا سا افسردہ کر دیا!!”
“کیسا خیال ؟”
میں مزید متوجہ ہوا۔
بزرگ نے بتایا کہ وہ کشمیر سے ہیں اور ادھر جھنگ میں ان کی زمینیں ہیں،اور وہ اب ادھر اکیلا ہی رہتا ہے۔زمینوں سے اتنی آمدن ہو جاتی ہے کہ اکیلے بندہ کا خرچہ پورا ہو جائے۔۔لیکن یہ مٹھائی کی دکان میں نے کسی اور وجہ سے بنا رکھی ہے۔۔
جب میں نے وجہ پوچھی تو بولے۔
“بیٹا !!کافی عرصہ ہو گیا ہے میرے بیٹے مجھے چھوڑ کے اپنے اپنے گھروں کو چل دیے۔میری بیوی بھی صدمہ برداشت نہ کر سکیں ،وہ بھی جلد اللہ پاک کو پیاری ہو گئیں۔مجھے وہاں تنہائی ڈستی تھی۔لہذا میں ادھر چلا آیا۔
یہ دکان میں نے اس امید پہ کھول رکھی ہے کہ شاید کبھی کوئی بیٹا بھولے سے مجھے ڈھونڈتا ہوا آئے تو اسے زیادہ ڈھونڈنا نہ پڑے،اور میری آنکھیں بھی ہر آنے والے مسافر کے تعاقب میں رہتی ہیں کہ شاید کہیں یہ میرا بیٹا نہ ہو!!اکثر رات کو آنے والے مسافروں کو دیکھتا رہتا ہوں کہ شاید کوئی میرا بیٹا نہ ہو اور وہ کہیں بھٹک نہ جائے!!میرا یہ اب معمول بن گیا ہے۔مسافروں کو دیکھنا اور ان میں اپنے بیٹے ڈھونڈنا اور اگر رات کے اس پہر کوئی بھولا بھٹکا مسافر آجائے تو اسے چائے اور مٹھائی کھلانا،اور اسے کمپنی دینا!”
بابا کی آنکھوں سے کچھ آنسو لڑھک آئے تھے۔لیکن چہرے پہ مسکراہٹ اب بھی بدستور تھی۔میری آنکھیں بھی نم ہو رہی تھیں اور چائے ہم دونوں کی ٹھنڈی ہو گئی تھی۔۔اتنے میں نئی صبح کے نئے سورج کے طلوع ہونے کے آثار بھی ظاہر ہونے لگے
اور بابا کی آنکھوں میں نئی امید اور انتظار کےجگنو بھی جھلملانے لگے!!

Leave a Reply

NZ's Corner