حشاشین کون تھے؟ باطنیوں کا خوف اور قلعہ الموت کی سچی تاریخ

حشاشین کون تھے؟ باطنیوں کا خوف اور قلعہ الموت کی سچی تاریخ


تاریخِ اسلام کا ایک انتہائی پرسرار اور خوفناک باب “حشاشین” (فرقہ باطنیہ) کا عروج و زوال ہے۔ گیارہویں صدی عیسوی میں قائم ہونے والی اس مذہبی و عسکری تحریک کے نام سے صدیوں تک سلاطین، علماء اور عامتہ المسلمین کے دل دہلتے رہے۔ اس بھیانک اور منضبط تنظیم کی بنیاد حسن بن صباح نے رکھی، جس نے شمالی ایران کے انتہائی دشوار گزار اور بلند و بالا سلسلۂ کوہ البرز کی چوٹی پر واقع “قلعہ الموت” کو اپنا ناقابلِ تسخیر مرکز بنایا۔

مصنوعی جنت کا فریب

حسن بن صباح نے اپنے ماننے والوں کو اندھی عقیدت میں مبتلا کرنے کے لیے ایک انوکھا اور مکارانہ طریقہ اپنایا۔ اس نے قلعہ الموت کی وادیوں میں ایک پرتعیش اور مصنوعی “جنت” بنا رکھی تھی، جہاں نہریں، پھل اور نایاب سہولیات موجود تھیں۔ وہ اپنے نوجوان پیروکاروں (فدائین) کو نش آور بوٹی (حشیش) پلا کر بے ہوش کرتا اور اس باغ میں پہنچا دیتا۔ جب وہ ہوش میں آتے تو خود کو جنت میں سمجھتے۔ اس فریب کے بعد انہیں یقین دلا دیا جاتا کہ اگر وہ حسن بن صباح کے حکم پر اپنی جان قربان کریں گے، تو سیدھے اسی پرتعیش دنیا میں پہنچیں گے۔ یہی وجہ تھی کہ اس کے فدائین بغیر کسی خوف کے موت کے منہ میں کود پڑتے تھے۔

طریقہِ واردات: جاسوسی اور علماء کا قتل

حشاشین کا اصل ہتھیار کھلی جنگ کے بجائے خفیہ قتل (Assassination) تھا۔ ان کا طریقہِ واردات انتہائی منظم اور خوفناک تھا۔ کوئی فدائی کسی بڑے عالم، قاضی یا وزیر کو نشانہ بنانے کے لیے مہینوں یا سالوں تک بھیس بدل کر رہتا۔ وہ کسی مدرسے میں ایک پرہیزگار اور ذہین طالب علم بن کر داخل ہوتا، اس عالم کا اعتماد اور قرب حاصل کرتا اور پھر موقع پاتے ہی خنجر سے اس کا کام تمام کر کے غائب ہو جاتا یا خود کو ختم کر لیتا۔ اس طریقہ کار کی وجہ سے علماء اور امرا ہر وقت خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔

سلجوقی سلطنت اور صلاح الدین ایوبی پر حملے

حشاشین نے وقت کی سب سے بڑی اور طاقتور سلجوقی سلطنت کو ہلا کر رکھ دیا۔ انہوں نے سلجوقیوں کے نامور اور باصلاحیت وزیر نظام الملک طوسی کو شاندار تدبر کے باوجود اپنے فدائی کے ذریعے شہید کر دیا اور سلطان ملک شاہ سلجوقی کے لیے شدید مشکلات پیدا کیں۔ سلجوقی سلاطین نے ان کے خلاف کئی فوجی مہمات بھیجیں، لیکن چونکہ باطنیوں کے قلعے انتہائی بلند اور دشوار گزار پہاڑوں پر تھے، اس لیے انہیں طاقت سے ختم کرنا ممکن نہ ہو سکا۔

حتیٰ کہ عظیم مجاہد سلطان صلاح الدین ایوبی بھی ان کی شر سے محفوظ نہ رہے۔ حشاشین نے صلاح الدین ایوبی کو بھی دو بار جان لیوا حملوں کا نشانہ بنایا، جن میں سلطان معجزاتی طور پر بچ گئے، جس کے بعد انہوں نے اپنے گرد سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات قائم کیے۔

ہلاکو خان کی آمد اور باطنیوں کا خاتمہ

حشاشین کی اس دو سو سالہ دہشت کا خاتمہ بالآخر منگول فاتح ہلاکو خان کے ہاتھوں ہوا۔ 1256ء میں جب ہلاکو خان بغداد کی طرف بڑھ رہا تھا، تو اس نے اسلامی دنیا پر چڑھائی سے پہلے اس خطرناک فرقے کی جڑوں کو کاٹنے کا فیصلہ کیا۔

منگول لشکر نے قلعہ الموت اور دیگر باطنی قلعوں کو گھیر لیا۔ چونکہ ان قلعوں کو جنگ سے فتح کرنا مشکل تھا، اس لیے ہلاکو خان نے ہفتوں تک خوراک اور پانی کی تمام رسد مکمل طور پر بند کر دی۔ جب قلعے کے اندر بھوک اور پیاس سے برا حال ہو گیا اور تمام ذخائر ختم ہو گئے، تو باطنیوں کے آخری پیشوا رکن الدین خورشاہ نے مجبوراً ہتھیار ڈال دیے اور قلعے سے باہر آ گیا۔

ہلاکو خان نے بغیر کسی رحم کے رکن الدین خورشاہ سمیت تمام باطنیوں کو قتل کروا دیا، ان کے تاریخی کتب خانوں کو جلا کر راکھ کر دیا اور قلعہ الموت کی فصیلوں کو ہمیشہ کے لیے مسمار کر دیا۔ یوں اس پرخوف اور خونخوار باب کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو گیا۔

منقول

Leave a Reply

NZ's Corner