ایک شخص بے حد کنجوس تھا۔ اس کے تین بیٹے تھے۔ گھر میں شہد کا ایک مرتبان رکھا رہتا تھا، مگر مجال تھی کہ کبھی کسی بچے کو پیٹ بھر کر شہد کھانے کو مل جائے۔ جب بھی بچے کچھ میٹھا کھانے کی فرمائش کرتے، باپ مرتبان کھولتا، انگلی شہد میں ڈبوتا اور تینوں بچوں کو باری باری انگلی چٹوا دیتا۔
بچے خوش ہو جاتے کہ آج پھر شہد کھانے کو ملا ہے، مگر ان کی یہ خوشی چند لمحوں میں ختم ہو جاتی۔ باپ مرتبان بند کر کے واپس رکھ دیتا اور شہد اپنی جگہ محفوظ رہتا۔
وقت گزرتا گیا۔ بچے بڑے ہو گئے، مگر باپ کی کنجوسی میں کوئی کمی نہ آئی۔ آخر ایک دن وہ دنیا سے رخصت ہو گیا۔ باپ کے جانے پر چھوٹے دونوں بھائیوں نے سکھ کا سانس لیا۔ انہیں امید تھی کہ اب کم از کم شہد کے اس مرتبان سے تو جان چھوٹے گی اور وہ جی بھر کر کھا سکیں گے۔
اب گھر کا بڑا بیٹا خاندان کا سربراہ بن چکا تھا۔ ایک دن چھوٹے بھائیوں نے اس سے کہا، ’’بھائی جان! آج تو شہد کھانے کو دل چاہ رہا ہے۔ ابا کے زمانے میں تو بس انگلی چٹوا کر ہمیں ٹرخا دیا جاتا تھا۔ آج مرتبان کھولتے ہیں اور خوب مزے کرتے ہیں۔‘‘
بڑے بھائی نے دونوں کو اپنے ساتھ لے گیا۔ مرتبان جہاں رکھا تھا، وہاں پہنچ کر اس نے اسے اٹھایا، مگر کھولنے کے بجائے دونوں بھائیوں کے سامنے کر دیا اور بولا، ’’بھائیو! ابا کے زمانے میں جو مزے کیے، وہ بہت تھے۔ اب وہ دن واپس نہیں آئیں گے۔ شہد کھانے کی امید چھوڑ دو۔‘‘
یہ کہہ کر وہ بولا’’لو بھئی! ابا کے شہد والے مزے یاد کرو، اسے سونگھو اور خوش ہو جاؤ۔ یہی کافی ہے!‘‘
دونوں چھوٹے بھائی ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہ گئے۔ انہیں معلوم ہوا کہ باپ کے بعد بھی گھر کی روایت نہیں بدلی، صرف انگلی چٹوانے والے کی جگہ مرتبان سونگھانے والا آ گیا ہے۔
پاکستان کے عوام کی حالت بھی کچھ آزادی کے بعد سے ایسی ہی چل رہی ہے۔ ایک حکومت سے تنگ آ کر لوگ دوسری حکومت سے امیدیں باندھ لیتے ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ اب مہنگائی کم ہو گی، روزگار ملے گا، بجلی اور گیس کے بل قابو میں آئیں گے اور زندگی میں کچھ آسانی آئے گی۔ مگر جب نئی حکومت آتی ہے تو عوام کو پھر وہی پرانے وعدے، نئے دعوے اور صبر کی تلقین سننے کو ملتی ہے۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ خزانہ خالی ہے، کبھی حالات مشکل ہیں اور کبھی عوام سے مزید قربانی مانگی جاتی ہے۔
یوں ہر نئی حکومت عوام کو خوش حالی کا شہد کھلانے کے بجائے صرف اس کا مرتبان دکھاتی ہے۔ فرق بس اتنا ہوتا ہے کہ پہلے انگلی چٹوائی جاتی تھی، اب تقریروں اور وعدوں سے خوشبو سونگھائی جاتی ہے۔
حاصل سبق:
صرف چہرے بدلنے سے حالات نہیں بدلتے؛ عوام کو وعدوں اور نعروں کے بجائے عملی کارکردگی دیکھنی چاہیے، کیونکہ خوش حالی کا مرتبان دکھانے سے کبھی کسی کا پیٹ نہیں بھرتا۔


